صدر مملکت سے چیئرمین سینیٹ کی ملاقات، سالانہ رپورٹ پیش کی

سینیٹ آئین کے حقیقی خاکے کا آئینہ دار ہے جہاں ارکان پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر قومی و عوامی دلچسپی کے امور پر قانون سازی کرتے ہیں، عارف علوی سینیٹ نے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی پر اپنا کام جاری رکھا ہوا ہے، محمد صادق سنجرانی

منگل 19 مارچ 2019 19:46

صدر مملکت سے چیئرمین سینیٹ کی ملاقات، سالانہ رپورٹ پیش کی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سینیٹ آئین کے حقیقی خاکے کا آئینہ دار ہے جہاں ارکان پارٹی وابستگی سے بالاتر ہو کر خدمات کی انجام دہی اور قومی و عوامی دلچسپی کے امور پر قانون سازی کرتے ہیں۔ صدر مملکت نے یہ بات منگل کو چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی ۔

چیئرمین سینیٹ نے صدر مملکت کو سالانہ رپورٹ بھی پیش کی۔ صدر نے قانون سازی کے امور اور پارلیمانی سفارتکاری میں سینیٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اس امر کو اجاگر کیا کہ سینیٹ آف پاکستان نے ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے فورم پر امن اور ترقی کے فروغ کیلئے پارلیمانی قیادت کو یکجا کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے اجلاس دانستہ طور پر گوادر میں منعقد کئے گئے تاکہ اس بات کو تقویت ملے کہ گوادر بہت جلد علاقائی اقتصادی و تجارتی محور بننے جا رہا ہے۔

بعد ازاں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے صدر کو بتایا کہ سینیٹ نے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے قانون سازی پر اپنا کام جاری رکھا ہوا ہے۔ انہوں نے سینیٹ کی قانون سازی کے حوالہ سے کامیابیوں کو بھی نمایاں کیا جن میں فاٹا اور پاٹا کو مرکزی دھارے میں لانے، خواتین، بچوں، خواجہ سرائوں اور تارکین وطن کے حقوق کے حوالہ سے قانون سازی اور بلاسود قرضوں تک رسائی سے متعلق قانون سازی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینٹ کا اجلاس 13 مرتبہ منعقد ہوا جن میں 111 ایام کار اور 78 نشستیں تھیں، اوسطاً حاضری 64.46 فیصد رہی، کل 28 پرائیویٹ ممبرز بل، 15 حکومتی بلز اور 7 آرڈیننسز متعارف کرائے گئے۔ صدر مملکت نے چیئرمین سینیٹ کی کاوشوں کو سراہا جن کے نتیجہ میں خصوصی کمیٹی برائے کشمیر 10 سال کے عرصہ کے بعد پارلیمانی کمیٹی بن گئی جو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں پر مشتمل ہے۔ صدر نے اُمید ظاہر کی کہ یہ کمیٹی بھارتی مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کا حتمی تصفیہ تلاش کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں