سنگین غداری کیس ، خصوصی عدالت کا مشرف کا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے آئندہ سماعت تک سوالنامہ تیار کرنے کا حکم

منگل 19 مارچ 2019 20:38

سنگین غداری کیس ، خصوصی عدالت کا مشرف کا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے آئندہ سماعت تک سوالنامہ تیار کرنے کا حکم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 مارچ2019ء) پرویز مشرف سنگین غداری کیس میں جسٹس طاہرہ صفدر کی زیر سماعت خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کا بیان ریکارڈ کرانے کیلئے آئندہ سماعت تک سوالنامہ تیار کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔ خصوصی عدالت نے اس موقعہ پر پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر کا وکالت نامہ منظور کرتے ہوئے پرویز مسرف کا بیان ویڈیو لنک یا کمیشن کے ذریعے ریکارڈ کرانے پر معاونت طلب کرلی ہے۔

(جاری ہے)

کیس کی سماعت جسٹس طاہرہ صفدر کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ اس موقع پر پرویز مشرف کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ پرویز مشرف کی عدم موجودگی میں بیان ریکارڈ نہیں کیا جاسکتا۔ بیان ریکارڈ کرانے کیلئے پرویز مشرف کی حاضری ضروری ہے۔ پرویز مشرف اس وقت سخت علیل ہیں آٹھ گواہوں کے بیان پرویز مشرف کی عدم موجودگی میں ریکارڈ کئے گئے عدالت نے قرار دیا کہ گواہوں کے بیانات پرویز مشرف کی موجودگی میں ریکارڈ ہوئے۔ پرویز مشرف بیان ریکارڈ نہیں کرانا چاہتے تو قانون کا راستہ نہیں روکا جاسکتا۔ عدالت نے کیس کی سماعت 28 مارچ تک ملتوی کردی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں