مولانا فضل الرحمن سے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنمائوں اور اراکین اسمبلی کی ملاقات

ْبین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ان ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا، مولانا فضل الرحمن پاکستان مین بسنے والے تمام مذاہب کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے، سربراہ جے یو آئی (ف)

منگل 19 مارچ 2019 23:49

مولانا فضل الرحمن سے مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنمائوں اور اراکین اسمبلی کی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) امیر جمعیت علمائے اسلام پاکستان مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ان ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔امیر جمعیت علمائے اسلام پاکستان مولانا فضل الرحمن کی دعوت پرمختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے مذہبی رہنما ئوں اور ارکین اسمبلی نے مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔

شرکاء میں بشپ ہمفری پیٹرموڈیریٹر چرچ آف پاکستان ، بشپ عرفان جمیل لاہور، بشپ مجید ایبل موڈیریٹر ،پریسٹن چرچ ، بشپ ابراہیم ڈانینل ساہیوال ، انتھی لمیوبل پاکستان بائیبل سوسائٹی،پروفیسر محرداد، ڈاکٹر سما، بھائی کمیونٹی، رکن اسمبلی رمیش لال،کھیل واس ، نوید عامر، جیمز اقبال،ایم این ایشاہدہ اختر علی نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سابق ایم این اے آسیہ ناصر نے تمام انتظامی امور سرانجام دیئے۔

تمام شرکاء نے مشترکہ طور پر نیوزی لینڈ میں ہونے والے بدترین دہشت گردی کے واقعہ کی پرزور الفاظ میں مذمت کی اور شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعا اور لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کیا۔بشپ صاحبان اور اراکین اسمبلی نے مولانا فضل الرحمٰن کے اقدامات کو سراہا اور انکی دعوت پر شکریہ ادا کیا، اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں امن اور بھائی چارے کی فضا کو قائم کرنے اور اسے فروغ دینے کیلئے مشترکہ طور پر حکمت عملی ترتیب دی جائے اورباہمی اتفاق سے اسے آگے بڑھایا جائے۔

اس موقع پر انہوںنے کہاکہ کوئی بھی مذہب برائی، شراب نوشی، انتہاپسندی اور دہشت گردی کی تعلیمات نہیں دیتا اسلئے لازم ہے کہ ہر فورم پر ایسے عناصر کی حوصلہ شکنی کی جائے اور کسی بھی مذہب کو غلط استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تمام مذاہب کی مشترکہ تعلیمات کو فروغ دیا جائے تاکہ فاصلوں اور نفرتوں کو کم کیا جاسکے،اس بات پر اتفاق ہوا اور اعلان کیا گیا کہ تمام مساجد ، چرچز اور دیگر مذاہب کی عباد ت گاہوں سے مشترکہ طور پر دہشت گردی کی مذمت کی جائیگی، تمام شرکاء نے دہشت گردی کے خاتمے، ملکی سلامتی، امن کے قیام اور موجودہ ملکی مسائل کے خاتمے کیلئے مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت پربھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

اس موقع پر مولانا فضل الرحمٰن نے تمام مہمانوں کادلی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ وہ تمام مذاہب کے ماننے والوں کو برابری کا شہری سمجھتے ہیں اور یہ ضروری سمجھتے ہیں کہ کسی بھی قانون سازی کیلئے ملکی سطح پر معاملات میں سب کی رائے کو لازم قرار دیا جائے اور شرکاء کو مکمل یقین دہانی کرائی کہ پاکستان مین بسنے والے تمام مذاہب کے مسائل کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

اسلام اپنے ساتھ بسنے والے غیرمسلم شہریوں کے مال ، جان اور حقوق اور عزتوں کا ضامن ہے اور اس بارے میں انہوں نے متعدد احادیث کا بھی حوالہ دیا۔انہوں نے کہا کہ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ان ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آخر میں سابق ایم این اے آسیہ ناصر اور دیگر جے یو آئی اراکین نے سب کا شکریہ ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں