حکومت کا 20مارچ کو تعطیل کا اعلان

ہولی کے تہوار کی وجہ سے ہندو کمیونٹی کو 20مارچ کو چھٹی ہو گی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ بدھ 20 مارچ 2019 00:41

حکومت کا 20مارچ کو تعطیل کا اعلان
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19مارچ2019ء) حکومت نے 20مارچ کو ہندو کمیونٹی کیلئے تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ پوری دنیا میں ہندو کمیونٹی ہولی کا تہوار بہار کی آمد پر مناتی ہے جس میں ہندو لڑکے لڑکیاں ڈانڈیا کھیلتے ہیں ،رقص کیا جاتا ہے اور گیت گائے جاتے ہیں۔ اس تہوار کا سب سے اہم حصہ ایک دوسرے کو رنگ لگانا ہے۔ ہندو کمیونٹی کے افراد ایک دوسرے کو رنگ لگا کر اس تہوار کی خوشی مناتے ہیں کیونکہ ہندو عقائد کے مطابق اس دن حق کو باطل پر فتح ہوئی تھی۔

پاکستان میں لاکھوں ہندو آباد ہیں جن کی بڑی تعداد پنجاب اور سندھ کے شہروں میں آباد ہیں۔ زیادہ تر ہندو عمر کوٹ، تھرپارکر، سانگھڑ، نواب شاہ، کھپرو، جیکب آباد، میرپور خاص، شہداد پور، سکھر، لاڑکانہ، ٹنڈوالہ یار، ٹنڈوآدم، وغیرہ کے شہروں اور مضافات میں آباد ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان مین ہندوؤں کے سب سے بڑے سماجی رہنما بھگوان داس چٹیا نے بتایا ہے کہ ہولی کا تہوار بدھ کے روز20مارچ کو بہار کے آغاز کے طور پر منایا جائے گا اور اس دن ہندوؤں کو عام تعطیل ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہندو کمیونٹی کو اس دن عام چھٹی ہو گی اور وہ جوش و جذبہ کے ساتھ ہولی منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں پاکستان میں مکمل آزادی ہے اور ہم پاکستان مین بہت خوش ہیں پاکستان ہمارا ملک ہے اور ہولی کے دن ہندو کمیونٹی خاص طور پر پاکستان کی سلامتی کے لیے پوجا کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ہم رنگ پھینک کر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہیں اور بچے اس دن سب سے زیادہ خوش ہوتے ہیں۔ اس تہوار میں سندھی ہندو خواتین بھی ڈانڈیا کھیلتی ہیں۔ تہوار کا آغاز گھر کے بڑے کو تلک اور رنگ لگا کر کیا جاتا ہے جس کے بعد بزرگ کی جازات سے تہوار شروع ہو جاتا ہے۔ پوری دنیا میں یہ دن ہندوؤں کے لیے بہت اہم ہوتا ہے اور اسے انتہائی جوش و جذبے سے منایا جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں