انٹرنیشنل ہسپٹالٹی انویسٹمنٹ گروپ پاکستان کی سیاحتی انڈسٹری میں 118 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا

اس سلسلے میں ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، نورالآصف اور چیئرمین ، ایلن رچرڈز نے پاکستان میں بورڈ آف ٹورزم کے چیئرمین، زلفی بخاری ، وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے سیاسی امور، نعیم الحق اور چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ، ہارون شریف سے ملاقات کی

جمعرات 21 مارچ 2019 20:52

انٹرنیشنل ہسپٹالٹی انویسٹمنٹ گروپ پاکستان کی سیاحتی انڈسٹری میں 118 ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مارچ2019ء) انٹرنیشنل ہسپٹلٹی انویسٹمنٹ گروپ (International Hospitality Investment Group: IHIG ) پاکستانی سیاحت کی انڈسٹر ی میں 118 ملین امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گا۔ اس سلسلے میں ادارے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، نورالآصف اور چیئرمین ، ایلن رچرڈز نے پاکستان میں بورڈ آف ٹورزم کے چیئرمین، زلفی بخاری ، وزیر اعظم کے خصوصی مشیر برائے سیاسی امور، نعیم الحق اور چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ، ہارون شریف سے ملاقات کی۔

یہ ملاقات وزیر اعظم سیکریٹریٹ، اسلام آباد میں ہوئی جس کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔زلفی بخاری نے گروپ کے چیئرمین کو پاکستانی حکومت کی جانب سے ، غیر ملکی سرمایہ کاروں کو فراہم کی جانے والی ہر ممکن اعانت کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)



گروپ کے چیئرمین ،ایلن رچرڈز نے سیاحت و مہمان نوازی کے شعبے میں ، اپنی کمپنی کی جانب سے 118ملین امریکی ڈالرز کی سرمایہ کاری یقین دہانی کرائی جس سے ملک میں روزگار کے 4000مواقع پیدا ہوں گے۔

گروپ پہلے ہی شوگران اور بھوربن میں دو ہوٹل خرید چکا ہے تاکہ اس ترقی پذیر انڈسٹری کے معیار کو بہتر بنا یا
جاسکے۔آئی ایچ آئی جی پاکستان میں پہلی غیر ملکی کمپنی ہے جس نے وزیر اعظم کے سیاحتی ویژن کے مطابق پاکستان میں سرمایہ کاری کا ارادہ کیا ہے۔

اس موقع پر ایلن رچرڈز نے کہا: ”میرا آدھا بچپن پاکستان میں گزرا ہے۔ گزشتہ برسوں کے دوران،عالمی برادری میں، اس خوبصورت ملک کے بارے میں تصور مثبت انداز میں تبدیل ہوا ہے۔

لہٰذا، دنیا بھر سے سیاحوں کی بہت بڑی تعداد پاکستان کا دورہ کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے جہاں وہ قدیم قدرتی مناظر کا تنوع دیکھ سکیں جس میں دنیا کے بلند ترین پہاڑوں سے لے کر خوبصورت ساحلوں تک اور انتہائی سرسبز میدانوں سے لے کروسیع و عریض صحرا تک سب شامل ہیں۔میزبانی کی تاریخی روایات اور انواع واقسام کے پر لطف کھانے ناقابل فراموش تجربات فراہم کرتے ہیں۔

دنیا کے 175 ممالک کوای ویزا (E-Visa)جاری کرنے کی نئی حکومتی
پالیسی ایک زبردست اقدام ہے جس میں بین الاقوامی سیاحوں کے لیے بہت سہولت موجود ہے۔“

انہوں نے مزید کہا:”دنیا بھر میں پاکستان واحد ملک ہے جو سیاحت کے تمام شعبوں میں دلکشی رکھتا ہے،اس میں شمالی علاقوں کامسحور کن حسن، بالخصوص وادیٴ کاغان اور دیگر حسین مناظر جو ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے کے لیے غیر معمولی دلکشی کے حامل ہیں۔اس کے علاوہ یہاں، تمام سال، موسم بہت خوبصورت رہتا ہے۔ پاکستان کے بارے میں مثبت تاثر کو اب دنیا بھر میں تسلیم کیا جا رہا ہے لہٰذا ہم سیاحوں کے لیے اس دوست ماحول سے فائدہ اٹھانے اور نئی حکومت کی ساکھ کو مضبوط بنانے کی غرض
سے سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔“

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں