وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی نیوزیلینڈ کے وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم نیوزی لینڈ ونسٹن پیٹر سے خصوصی ملاقات

نیوزیلینڈ میں ہونیوالی دہشتگردی اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال،حکومت نیوزیلینڈ کی طرف سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے تعزیت

جمعہ 22 مارچ 2019 23:29

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی نیوزیلینڈ کے وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم نیوزی لینڈ ونسٹن پیٹر سے خصوصی ملاقات
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مارچ2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیوزیلینڈ کے وزیر خارجہ و نائب وزیراعظم نیوزی لینڈ ونسٹن پیٹر سے خصوصی ملاقات کی جس میں نیوزیلینڈ میں ہونیوالی دہشتگردی اور دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ وزیر خارجہ نے کہاکہ 15 مارچ کو کرائسٹ چرچ میں دو مساجد پر ہونے والے دہشتگردی کے حملے نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ نیوزیلینڈ کی وزیر اعظم اور حکومت نے جس طرح اس سانحے میں متاثرین کی دیکھ بھال کی ہے وہ قابل تحسین ہے ۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام اس مشکل گھڑی میں نیوزی لینڈ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔انہوںنے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت پر سانحہ نیوزیلینڈ کے غم میں اظہار یکجہتی کیلئے پاکستانی پرچم سرنگوں رکھا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نیوزیلینڈ نے اس سانحہ میں نو پاکستانیوں کی شہادت پر حکومت نیوزیلینڈ کی طرف سے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے تعزیت کی۔نیوزیلینڈ کے وزیر خارجہ نے کہا کہ نیوزیلینڈ کی حکومت اس سانحہ میں زخمیوں کی مکمّل دیکھ بھال کر رہی ہے ایسے ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں کہ اس طرح کا سانحہ دوبارہ رونما نہ ہو سکے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں