79 واں یوم پاکستان: وفاقی دارالحکومت میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ جاری

وفاقی و صوبائی دارلحکومت میں توپوں کی سلامی سے دن کا آغاز

Fahad Shabbir فہد شبیر ہفتہ 23 مارچ 2019 09:05

79 واں یوم پاکستان: وفاقی دارالحکومت میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ جاری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ۔2019ء) ملک بھر میں یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے اور اس مناسبت سے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی شاندار  پریڈ جاری ہے جس میں چین، سعودی عرب اور آذربائیجان کے دستے بھی شریک ہیں۔پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد ہیں۔

وزیراعظم عمران خان تقریب میں پہنچ چکے ہیں اور چیئرمین جوائنٹ چیفس سمیت تینوں سروسز چیفس کے ہمراہ سلامی کے چبوترے پر براجمان ہیں۔صدرِ مملکت عارف علوی بھی تقریب میں شرکت کریں گے۔تقریب میں غیر ملکی مہمان بحرین کی نیشنل گارڈ کے سربراہ اور آذربائیجان کے وزیر دفاع بھی تقریب میں شریک ہیں۔اس کے علاوہ حکومتی شخصیات، غیر ملکی سفارتکار اور اعلیٰ سول و عسکری حکام سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات تقریب میں شریک ہیں۔

(جاری ہے)

تینوں مسلح افواج کے سپیشل سروسز گروپ اور خواتین کے دستے بھی پریڈ کا حصہ ہوں گے۔ سعودی عرب اور آزربائیجان کے فوجی دستے بھی پریڈ میں حصہ لیں گے جبکہ پہلی بار بحرین، سری لنکا، سعودی عرب اور آزربائیجان کے پیراٹروپیرز بھی فری فال کا مظاہرہ کریں گے۔ترکی کا ایف سولہ اور چین کے جے ٹین طیارے فضائی کرتب کا مظاہرہ کریں گے۔ ائیر دیفنس کا دستہ بھی پریڈ کا حصہ ہوگا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ائر چیف مارشل مجاہد انور فلائی مارچ پاسٹ کی قیادت کریں گے۔آرمی ایوی ایشن اور بحریہ ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز پر مشتمل دستے تین سو فٹ کی بلندی پر فلائی مارچ پاسٹ، پاکستان آرمی، نیوی اور پاک فضائیہ کے کمانڈوز 10 ہزار فٹ کی بلندی سے فری فال کا مظاہرہ کریں گے۔انفنٹری کی مختلف رجمنٹس کے دستے، مکینائزڈ انفنٹری، آرمڈ کور اور ایس پی ڈی کے تحت مختلف رینج کے میزائل بھی پریڈ میں شامل ہوں گے۔

اس سے پہلے وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔یوم پاکستان پر دن کا آغاز ملکی سلامتی، استحکام امن اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعاؤں سے ہوا، وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں