فواد چوہدری کا ہندو لڑکیوں کے اغوا کے معاملے پرتنقید کرنے پر سشمہ سوراج کو کرارا جواب

یہ ہمارا اندرونی معاملہ ہے، یہ مودی کا بھارت نہیں عمران خان کا پاکستان ہے،آپ اپنے ملک میں اقلیتوں کے حقوق پر دھیان دیں،وفاقی وزیراطلاعات

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 24 مارچ 2019 13:13

فواد چوہدری کا ہندو لڑکیوں کے اغوا کے معاملے پرتنقید کرنے پر سشمہ سوراج کو کرارا جواب
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ2019ء) پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھارتی وزیرخارجہ کو پاکستان کے اندرونی معاملات میں دخل دینے پر منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپ اپنے ملک کا خیال رکھیں۔ بھارتی وزیر خارجہ سشمہ سوراج نے پاکستان کے صوبہ سندھ میں تھر کے علاقے میں اغوا ہونے والی دو ہندو لڑکیوں کے حوالے سے ٹویٹ کی تھی کہ انہوں نے پاکستان میں اپنے ہائی کمشنر کو واقعہ کی رپورٹ بھیجنے کا کہا ہے ۔

اس ٹویٹ کے جواب میں فواد چوہدری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، 
یہ مودی کا بھارت نہیں جہاں اقلیتوں پر ظلم کیا جاتا ہے یہ عمران خان کا نیا پاکستان ہے جہاں ہمیں اپنے جھنڈے کے سفید رنگ سے بھی اتنا ہی پیار ہے جتنا سبز سے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید لکھا کہ مجھے امید ہے کہ آپ بھارت میں موجود اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے بھی ایسا ہی ردِ عمل دیں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں تھر میں دو ہندو لڑکیوں کے اغوا کی اطلاعات آئی تھیں اور لڑکیوں کے گھر والوں نے کہا تھا کہ انکی لڑکیوں کو اغوا کر لیا گیا ہے، لیکن بعد میں 22مارچ کو پولیس نے بتایا کہ دونوں لڑکیوں نے منظر عام پر آ کر اسلام قبول کر لیا ہے۔ اس حوالے سے اتوار کے روز وزیر اعظم پاکستان نے بھی سندھ اور پنجاب حکومت کو ہدایت کی تھی واقعہ کی تفتیش کی جائے اور دونوں ہندو لڑکیوں کو بازیاب کروایا جائے۔

وزیر اعظم نے دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ کو مشترکہ حکمت عملی بنانے کا کہا تھا۔ فواد چوہدری نے اس سےپہلے اپنے ٹویٹر پیغام میں بتایا تھا کہ اطلاعات کے مطابق لڑکیوں کو رحیم یار خان منتقل کیا گیا ہے اس حوالے سے وزیر اعظم نے عثمان بزدار کو دونوں لڑکیوں کی بازیابی کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں