بھارت 27 فروری کی رات پاکستان پر12 میزائل داغنے کا منصوبہ بنا چکا تھا

بھارتی کابینہ کے ایک رکن نے بتایا ہے کہ مودی نے کوئی بھی اقدام کرنے کے لیے گرین سگنل دے دیا تھا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 24 مارچ 2019 17:40

بھارت 27 فروری کی رات پاکستان پر12 میزائل داغنے کا منصوبہ بنا چکا تھا
اسلا م آباد(اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ2019ء) بھارتی کابینہ کے ایک رکن نے دعویٰ کیا ہے کہ 27فروری کی رات بھارت پاکستان پر 12میزائل داغنے کی منصوبہ بندی کر چکا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی نندن کے پاکستان کی جانب سے گرفتار کیے جانے کے بعد مودی سرکار کوئی بھی بڑا قدم اٹھانے کا فیصلہ کر چکی تھی جبکہ بھارت دنیا کی بڑی طاقتوں کے ساتھ بھی رابطے میں تھا جبکہ پاکستان بھی ان طاقتوں کے ساتھ بات چیت کر رہا تھا، پاکستان اور بھارت کے بڑے عہدےدار بھی آپس میں مسلسل رابطے میں تھے۔

کابینہ کے رکن نے بتایا کہ بھارتی قومی سلامتی کے مشیراجیت دوول نے ہاٹ لائن پر مائک پومپیو اور اور ہم منصب جان بولٹن سے رابطہ کیا اور کہا کہ ابھی نندن کو اگر کوئی نقصان ہوا تو بھارت پاکستان پر میزائلوں سے حملہ کرے گا اور اسی وقت راجھستان میں 12میزائل نصب کیے جارہے تھے جس سے پاکستان کے مختلف شہروں کو نشانہ بنایا جانا تھا لیکن پاکستان بھی اس بات سے آگاہ تھا اور پاکستان نے کسی بھی حملے کا جواب تین گنا دینے کی دھمکی دی تھی۔

(جاری ہے)

پاکستانی ذرائع کے مطابق بھارت 27فروری کی رات 9 سے10 بجے کے درمیان میزائلوں سے پاکستان میں مختلف اہداف کو نشانہ بنانا چاہتا تھا لیکن پاکستان نے جواب دیا کہ پاکستان جواب میں کم از کم 13میزائلوں کے ساتھ حملہ کرے گا۔ اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کے شہزادے اور امریکی صدر نے اہم کردار ادا کیا اور دونوں ممالک کو جارحیت سے باز رہنے کی تجویز دی۔

آزاد کشمیر کے صدر کے مطابق چین نے اس معاملے میں ثالث کا کردار ادا کیا ۔ امریکہ اور یو اے ای جانتے تھے کہ پاکستان نے بھارتی پائلٹ کو واپس کر دینا ہے اس لیے وہ بھارت کو قائل کرنے کی کوشش کر رہے تھے کہ بھارت جارحیت نہ دکھائے ورنہ اس کے نتائج بھارت کو بھی بھگتنے پڑ سکتے ہیں۔ امریکہ، یو اے ای اور سعودی عرب نے پاکستان کو اپنے موقف میں نرمی لانے کا کہا ، مائک پومپیو اور جان بولٹن نے جی ایچ کیو میں اپنا اثرورسوخ استعمال کیا اور پاکستان کو آمادہ کیا کہ بھارتی پائلٹ کو رہا کر دیا جائے کیونکہ عالمی قوانین کے مطابق اسے رہا تو کیا ہی جانا تھا۔

جس کے بعد یکم مارچ کو بھارتی پائلٹ کو رہا کر دیا گیا اس سے پہلے بھارت بھی اپنے ایک افسر کے ذریعے امریکہ کو پیغام پہنچا چکا تھا کہ اب وہ مزید کشیدگی نہیں چاہتا۔ یاد رہے کہ 27فروری کو پاکستان نے بھارت کے دو طیارے مار گرائے تھے اور ایک بھارتی پائلٹ بھی گرفتار کر لیا تھا جس کے بعد حالات مزید کشیدہ ہو گئے تھے اور 27فروری کی رات بھارت کے کسی بھی حملے سے بچنے کے لیے کراچی، لاہور اور جنوبی پنجاب میں بلیک آؤٹ کروا دیا گیا تھا۔ بعد میں پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے بھی قوم سے خطاب کے دوران بتایا تھا کہ انہیں اطلاعات ملی تھیں کہ بھارت پاکستان پر حملہ کرنا چاہتا تھا لیکن انہوں نے بھارت کو پیغام پہنچا دیا تھا کہ پاکستان تین گنا طاقت سے حملے کا جواب دے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں