تحریک انصاف حکومت سعودی حکومت سے حج اور عمرہ پر عائد 2ہزار ریال فیس معاف کرانے میں ناکام

فیس خاتمے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے سے امسال حج اور عمرہ کی ادائیگی کیلئے جانے والے لاکھوں پاکستانی2 ہزار ریال فیس ادا کریں گے،ذرائع

پیر 25 مارچ 2019 21:16

تحریک انصاف حکومت سعودی حکومت سے  حج اور عمرہ پر عائد 2ہزار ریال فیس معاف کرانے میں ناکام
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2019ء) تحریک انصاف حکومت سعودی حکومت سے حج اور عمرہ پر عائد 2ہزار ریال فیس معاف کرانے میں ناکام رہی ہے ، سعودی حکومت کی جانب سے بار بار یقین دہانیوں کے باوجود فیس معافی سے متعلق تاحال کوئی نوٹیفیکیشن جاری نہ ہونے کی وجہ سے امسال حج اور عمرہ کی ادائیگی کیلئے جانے والے لاکھوں پاکستانی فیس ادا کریں گے ،وزیر اعظم پاکستان عمران خان سمیت ،صدر مملکت اور وفاقی وزیر کی جانب سے سعودی حکومت سے بار بار درخواستوں کے باوجود تاحال سعودی حکومت نے پاکستانیوں کیلئے فیس ختم نہیں کی ہے ۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق سعودی حکومت کی جانب سے تین سال کے دوران عمرہ کی ادائیگی اور5سالوں کے دوران دوبارہ حج کی ادائیگی کیلئے جانے والے عازمین پر عائد 2ہزار ریال فیس کے خاتمے سے متعلق تاحال کوئی نوٹیفیکیشن جاری نہ ہوسکا ہے جس کی وجہ سے رمضان المبارک کے دوران عمرہ کی ادائیگی اور آنے والے حج پر مقررہ مدت کے دوران دوبارہ جانے والے پاکستانی 2ہزار ریال فیس ادا کریں گے واضح رہے کہ تحریک انصاف کے حکومت کے قیام کے بعد وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے اپنے پہلے دورہ سعودی عرب میں سعودی حکمرانوں کے ساتھ حج و عمرہ فیس کی معافی کے لئے خصوصی درخواست کی جس کے بعد وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے حج کے انتظامات اور معاہدے کیلئے سعودی عرب جانے کے بعد سعودی وزارت حج سے بھی فیس معافی کا مطالبہ کی جس پر سعودی حکام نے مثبت تعائون کی یقین دہانی کرائی بعد ازاں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے بھی سعودی حکام سے پاکستانیوں کیلئے 2ہزار ریال فیس معاف کرنے کی درخواست کی اور اس کے بعد تحریک انصاف کی سوشل میڈیا کی جانب سے فیس معافی کے حوالے سے بہت چرچا کیا گیا تاہم سعودی حکومت یا سعودی سفارت خانے کی جانب سے تاحال حج اور عمرہ پر عائد فیس معاف کرنے کے حوالے سے کسی قسم کا نوٹیفیکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے اور 3سالوں کے دوران عمرہ ادا کرنے اور5سالوں کے دوران حج ادا کرنے والوں پر یہ فیس لاگو ہے واضح رہے کہ سرکاری حج سکیم کے تحت فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے اپنے خاندان ،والدہ ،بیوی اور بہن کے ساتھ بطور محرم جانے والے مرد حضرات اگر 5 سالوں کے دوران حج کی ادئیگی کیلئے گئے ہوں تو ان کو بھی یہ فیس ادا کرنی ہوگی۔


اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں