وزیر اعظم عمران خان کی نئے لوکل نظام کو آئندہ ایک ماہ میں تمام ضروری مراحل مکمل کرکے نافذ العمل کرنے کی ہدایت

ماضی میں خیبر پختونخواہ میں ویلیج کونسلز کے قیام کا تجربہ بہت کامیاب رہا،اس نظام کو مزید بہتر بنا کر عوام کو مقامی سطح پر بااختیار کیا جائیگا،خطاب

پیر 25 مارچ 2019 23:31

وزیر اعظم عمران خان کی نئے لوکل نظام کو آئندہ ایک ماہ میں تمام ضروری مراحل مکمل کرکے نافذ العمل کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے نئے لوکل نظام کو آئندہ ایک ماہ میں تمام ضروری مراحل مکمل کرکے نافذ العمل کرنیکی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ ماضی میں خیبر پختونخواہ میں ویلیج کونسلز کے قیام کا تجربہ بہت کامیاب رہا،اس نظام کو مزید بہتر بنا کر عوام کو مقامی سطح پر بااختیار کیا جائیگا۔

پیر کو وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرصدارت صوبہ خیبر پختونخواہ میں نیا لوکل گورنمنٹ نظام متعارف کرانے کے سلسلے میں پیش رفت پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں گورنر خیبر پختونخواہ شاہ فرمان، وزیرِ اعلیٰ محمود خان، وزیرِ اعظم کے مشیر محمد شہزاد ارباب، معاون خصوصی افتخار درانی، صوبائی وزراء شہرام خان تراکائی، سلطان خان، تیمور سلیم جھگڑا، حشام انعام اللہ، عاطف خان اور متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کے افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نئے لوکل گورنمنٹ کے نظام کے خدوخال اور مجوزہ نظام کو حتمی شکل دینے پر غور کیاگیا ۔اجلاس میں کہاگیاکہ نئے لوکل گورنمنٹس کے قیام کا مقصد مقامی سطح پرلوگوں کو بااختیار بنانا ہے تاکہ تعمیر و ترقی کے فیصلے مقامی سطح پرطے پائیں۔وزیر اعظم نے کہاکہ مقامی لوگ اپنے مسائل بہتر طریقے سے سمجھتے اور حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ماضی میں خیبر پختونخواہ میں ویلیج کونسلز کے قیام کا تجربہ بہت کامیاب رہا،اس نظام کو مزید بہتر بنا کر عوام کو مقامی سطح پر بااختیار کیا جائیگا۔

انہوںنے کہاکہ بدقسمتی سے انتظامی ڈھانچہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ رہا ہے، انتظامی ناکامی کی وجہ سے ملک میں اکثر مقامات پر شہری صحت، تعلیم ، پانے کے صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم رہتے ہیں۔ نئے نظام میں عوامی نمائندوں کو اختیار دیکر اس قابل بنایا جائے گا کہ وہ اپنے علاقوں کے مسائل مقامی سطح پر حل کر سکیں۔ وزیر اعظم نے نئے لوکل نظام کو آئندہ ایک ماہ میں تمام ضروری مراحل مکمل کرکے نافذ العمل کرنیکی ہدایت کی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں