شیریں مزاری کی پاکستان میں متعین آسٹریلین ہائی کمشنرمارگیرٹ ایڈمسن سے ملاقات

دونوں رہنمائوں نے ملاقات میں انسانی حقو ق سے متعلقہ مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا C پاکستان میں بسنے والے تما م افراد کو پاکستانی آئین کے مطابق بنیادی حقوق کی فراہمی پاکستانی حکومت اور وزارت انسانی حقوق کی اولین ترجیح ہے،وفاقی وزیر انسانی حقوق

پیر 25 مارچ 2019 23:50

شیریں مزاری کی پاکستان میں متعین آسٹریلین ہائی کمشنرمارگیرٹ ایڈمسن سے ملاقات
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2019ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے پیر کے روز اسلام آباد میں پاکستان میں متعین آسٹریلین ہائی کمشنرمارگیرٹ ایڈمسن سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انسانی حقو ق سے متعلقہ مختلف امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ وفاقی وزیر نے آسٹریلین ہائی کمشنر کو پاکستان میں انسانی حقوق کی موجودہ صورتحال اور اس ضمن میں اٹھائے جانے والے مختلف اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

وفاقی وزیر نے آسٹریلین ہائی کمشنر کوبتایا کہ پاکستان میں بسنے والے تما م افراد کو پاکستانی آئین کے مطابق بنیادی حقوق کی فراہمی پاکستانی حکومت اور وزارت انسانی حقوق کی اولین ترجیح ہے ۔ ہماری کوشش ہے کہ معاشرے کے تمام افراد بالخصوص خواتین اور بچوں اور اقلیتوں کو کسی قسم کے تعصب کے بغیر انکے بنیادی حقوق کی فراہمی کو ممکن بنا ئیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہم موجودہ قوانین پر عمل درآمد کے ساتھ ساتھ دیگر نئے قوانین پر بھی کام کر ہے ہیں ور اس سلسلے میں کئی نئے بلز پر بھی کام ہو رہا ہے ۔آسٹریلین ہائی کمشنر نے وفاقی وزیر سے نیوزی لینڈ میں کرائسٹ چرچ میں مساجد پر ہونے والے حالیہ حملوں اور مسلمانوں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔ وفاقی وزیر نے نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملوں کے بعد آسٹریلین سینیٹر فریسر اینگ کی جانب سے مسلمانوں کے مخالف بیانات کی مذمت کی اور اسے ناقابل قبول قرار دیا اور تشویش کا اظہار کیا۔

آسٹریلین ہائی کمشنر نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ آسٹریلین حکومت مسلمانوں پر ہونے والے حملوں کی مذمت کر تی ہے اور آسٹریلین سینیٹر فریسر اینگ کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی ۔ آسٹریلین ہائی کمشنر نے وزارت انسانی حقوق کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات کو سراہا اور اس ضمن میں اپنی ہر ممکن تعاون کا اعادہ کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں