نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا تعمیراتی کام جلد شروع

وزیر اعظم پاکستان 29 مارچ 2019ء کو پاکستان کے سب سے بڑے ایئرپورٹ کے تعمیراتی کام کا آغاز کریں گے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 26 مارچ 2019 14:23

نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا تعمیراتی کام جلد شروع
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 مارچ2019ء) سی پیک کو پاکستان کی معیشت کے لیے گیم چینجر قرار دیا جا رہا ہے۔ معاشی ماہرین کا دعویٰ ہے کہ اس میگا پراجیکٹس کے باعث پاکستان میں معاشی سرگرمیاں زور پکڑیں گی۔ خصوصاً بلوچستان کے پسماندہ عوام کی معاشرتی اور اقتصادی حالت میں بہت بڑا سُدھار پیدا ہو گا اور لاکھوں بلوچیوں کو روزگار مہیا ہو گا۔

اس بین الاقوامی منصوبے پر زور و شور سے کام جا ری ہے۔ عنقریب گوادرمعاشی سرگرمیوں کا عالمی مرکز بننے جا رہا ہے۔ اس حوالے سے جہاں روڈز انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے پر کام جاری ہے وہاں فضائی آمد و رفت کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔پاکستان میں واقع چینی سفارت خانے میں ڈپٹی چیف آف مشن کے عہدے پرتعینات لی جیان ژاؤ نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ سے یہ شاندار خبر دی ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے تعمیری کام کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

لی جیان کے مطابق وزیر اعظم 29 مارچ 2019ء کو نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کے کام کے افتتاح کی غرض سے گوادر تشریف لائیں گے۔
واضح رہے کہ گوادر ایئر پورٹ وسیع و عریض رقبے پر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ یہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پاکستان کا سب سے بڑا ایئرپورٹ ہو گا۔ جہاں ہر روز درجنوں فلائٹس کی آمد اور روانگی ہو گی۔ جس کے باعث روزانہ ہزاروں مسافروں کو سہولت حاصل ہو گی۔منسٹری آف پلاننگ ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کے مطابق نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ATR-72، ایئر بس (A-300)، بوئنگ (B-737) اور بوئنگ (B-747)طیاروں کی فلائٹس کی سہولت موجود ہو گی۔ اس ایئر پورٹ سے مُلکی اور بین الاقوامی روٹس پر پروازیں اُتریں گی اور روانہ ہوں گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں