نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور ہونیکی خوشی میں (ن) لیگ کا جشن ،مٹھائیاں تقسیم کی گئیں

کارکنوں نے شکرانے کے نوافل ادا کئے ، پارٹی دفاتر ،جاتی امراء اور جیل کے باہر جمع ہونیوالے کارکنوں کے قیادت کے حق میں نعرے ،بھنگڑے ڈالے رہنمائوں اور کارکنوں نے ایک دوسرے کو گلے مل کر مبارکباد دی،ریلی بھی نکالی گئی، جیل کے باہر لیگی کارکنوں اور پولیس میں تلخ کلامی شہباز شریف نے بڑے بھائی سے ملاقات کر کے عدالتی فیصلے سے آگاہ کیا ، نواز شریف کو علاج کے نام پر تضحیک قبول نہیں تھی ‘ خواجہ عمران نذیر

منگل 26 مارچ 2019 18:57

نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور ہونیکی خوشی میں (ن) لیگ کا جشن ،مٹھائیاں تقسیم کی گئیں
لاہور/اسلام آباد/گوجرانوالہ/سیالکوٹ/فیصل آباد/پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2019ء) سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور ہونے کی خوشی میں مسلم لیگ (ن) کی جانب سے بھرپور جشن منایا گیا ،کارکنوں نے شکرانے کے نوافل ادا کئے اورمٹھائیاں تقسیم کیں، پارٹی دفاتر ، نواز شریف کی رہائشگاہ جاتی امراء اور کوٹ لکھپت جیل کے باہر جمع ہونے والے کارکنوں کی جانب سے قیادت کے حق میں نعرے اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف کی سپریم کورٹ سے چھ ہفتوں کیلئے ضمانت منظور ہونے کا فیصلہ آتے ہی کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور انہوں نے شیر شیر کے نعرے لگانے شروع کر دئیے ۔

(جاری ہے)

مختلف مقامات پر کارکنوں نے عدالتی فیصلے کی خوشی میں موقع پر ہی سجدہ شکر ادا کیا جبکہ شکرانے کے نوافل بھی ادا کئے گئے ۔

مسلم لیگ (ن) لاہور کے دفتر میں جمع ہونے والے کارکنوں نے فیصلے کی خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کیں اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے ہوئے قیادت کے حق میں نعرے لگائے ۔لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر ،لارڈ میئر کرنل (ر) مبشر جاوید، ڈپٹی میئر لاہور میاں طارق نذیر خان سواتی سمیت دیگر رہنمائوں اور کارکنوں نے ایک دوسرے کو گلے مل کر مبارکباد دی ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ عدالتی فیصلے سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ نوازشریف کی صحت کو شدید خطرہ ہے، حکومت نے جس کم ظرفی کا مظاہرہ کیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ اب حکمرانوں کا جانا ٹھہر گیا ہے محسوس ہوتا ہے کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری نہیں کر سکے گی ،ان سے معیشت سنبھالی نہیں جا رہی اور آئے روز کشکول لئے در در جا کر خیرات مانگ رہے ہیں لیکن کب تک ایسا چلے گا۔

خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ اللہ کے گھر دیر ہے اندھیر نہیں ،نوازشریف کا حکم آگیا ، دما دم مست قلندر کردیں گے ،کارکن نوازشریف سے پیار کرتے ہیں ،نوازشریف کو علاج کے نام پر تضحیک قبول نہیں تھی ،نوازشریف یوٹرن خان نہیں ہے ،انشاء اللہ نوازشریف بہت جلد عوام میں ہوں گے ۔نواز شریف کی ضمانت کی خوشی میں (ن) لیگ کے اراکین اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوںنے بھی اپنے اپنے حلقوں میں بھرپور جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں ۔

سیف الملوک کھوکھر کی قیادت میں کھوکھر پیلس سے کوٹ لکھپت جیل تک ریلی نکالی گئی ۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں عثمان اور چوہدری عامر صدیق ، کی جانب سے بھی نواز شریف کی ضمانت کی خوشی میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ کارکنوں کی ایک بڑی تعداد اپنے قائد محمد نواز شریف کے استقبال کے لئے کوٹ لکھپت جیل اور جاتی امراء رائے ونڈ کے باہر پہنچ گئے اور نعرے لگاتے رہے ۔

جیل کے باہر پولیس اور کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی جس پر کارکنوں نے حکومت کے خلاف نعرے لگائے ۔ قبل ازیں ضمانت کا فیصلہ آنے پر مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کوٹ لکھپت جیل گئے اور نواز شریف سے ملاقات کر کے انہیں عدالتی فیصلے سے آگاہ کیا ۔ شیخوپورہ، نارنگ منڈی، مریدکے ، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد ،منڈی بہائو الدین، اسلام آباد، پشاور، ہری پور ،وہاڑی ،ایبٹ آباد سمیت ملک کے مختلف مقامات پر لیگی کارکنوں نے نواز شریف کی طبی بنیادوںں پر ضمانت کی خوشی میں جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں ۔ اس موقع پر کارکن شیر شیر کے نعرے لگاتے رہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں