عدالتی فیصلے سے وزیر اعظم اور ان کی2 درجن کے چمچوں کا جھوٹ قوم کے سامنے آگیا،شاہد خاقان عباسی

ٴْحکومت نے کم ظرفی کا مظاہرہ کیا ہے اس کی آج تک مثال نہیں ملتی،ایک وزیراعظم سیاسی مقاصد کے لیے کسی سیاسی لیڈر کی صحت کو طنز کا نشانہ بنائے تو میں اس کے بارے میں کیا کہہ سکتا ہوں سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

منگل 26 مارچ 2019 20:45

عدالتی فیصلے سے وزیر اعظم اور ان کی2 درجن کے چمچوں کا جھوٹ قوم کے سامنے آگیا،شاہد خاقان عباسی
اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2019ء) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف کی ضمانت کے ساتھ ہی موجودہ وزیراعظم عمران خان اور ان کے 2 درجن چمچوں کا جھوٹ قوم کے سامنے آگیا ہے۔منگل کے روزسپریم کورٹ کی جانب سے نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے نواز شریف کی 6 طبی بنیادوں پر ضمانت منظور ہونے کے بعد حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کی تمام تر کوششوں کے باوجود نواز شریف کو عدالت نے علاج کے لیے ریلیف دیا ہے،ہم نے ہمیشہ عدالتوں کا احترام کیا ہے اور ہمیں عدالت سے ایسی ہی توقع تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک و شبہ نہیں رہا کہ جو جھوٹ وزیراعظم عمران خان اور ان کے 2 درجن چمچے ایک سیاسی لیڈر کی علالت کو بھی سیاست کی نظر کر رہے تھے وہ جھوٹ قوم کے سامنے آگیا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو اس حکومت نے کم ظرفی کا مظاہرہ کیا ہے وہ آج تک اس کی مثال نہیں ملتی۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ایک وزیراعظم اپنے سیاسی مقاصد حاصل کرنے کے لیے کسی سیاسی لیڈر کی صحت کو طنز کا نشانہ بنائے تو میں اس کے بارے میں کیا کہہ سکتا ہوں انہوں نے مزید کہا کہ آج یہ بات ریکارڈ پر آگئی ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی صحت کو شدید خطرات لاحق ہیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ ایک تاثر پیش کیا جارہا تھا کہ نواز شریف اپنے علاج سے انکار کر رہے ہیں، تاہم اب یہ ریکارڈ پر آچکا ہے کہ نواز شریف کبھی بھی طبی امداد سے انکار نہیں کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں