وفاقی کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا اعلان رات یا صبح ہوجائےگا، اسد عمر

پاکستان کی بہتری کیلئے حصہ ڈالنے کیلئے آیا تھا،عمران خان کو کہا کہ آپ کیلئے نہیں پاکستان کیلئے پی ٹی آئی جوائن کی، سازشوں میں نہیں پڑتا، نہیں معلوم میرے فیصلے سے پی ٹی آئی مضبوط ہوگی یا کمزور ہوگی۔ وزارت خزانہ چھوڑنے کے اعلان کے بعد پریس کانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 18 اپریل 2019 16:01

وفاقی کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا اعلان رات یا صبح ہوجائےگا، اسد عمر
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل 2019ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء اور مستعفی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا اعلان رات یا صبح ہوجائے گا، پاکستان کی بہتری کیلئے حصہ ڈالنے کیلئے آیا تھا،عمران خان کو کہا کہ آپ کیلئے نہیں پاکستان کیلئے پی ٹی آئی جوائن کی ہے، سازشوں میں نہیں پڑتا، نہیں معلوم میرے فیصلے سے پی ٹی آئی مضبوط ہوگی یا کمزور ہوگی۔

انہوں نے وزارت خزانہ سے استعفے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے پہلے بھی کہا تھا کہ کارکردگی کی بنیاد پر ردوبدل کرنا چاہتے ہیں ، وہ چاہتے ہیں کہ وہ توانائی کا چارج لیں۔ میں نے ان کو کہا کہ آپ اجازت دیں کہ میں کابینہ سے استعفیٰ دے دوں۔ انہوں نے کہا کہ میں نئے پاکستان کیلئے ہمیشہ دستیاب ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سات سال کا سفر تھا، میں نے آج کے دن پی ٹی آئی جوائن کی تھی، عمران خان نے کہا تھا کہ آپ ہمارے شامل ہوں۔

اس سفر کے اندر میں پی ٹی آئی کے تمام سپورٹرز کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ہماری پی ٹی آئی کی نوجوان یوتھ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میرے دور میں معیشت میں بڑی بہتری آئی ہے۔ نیا وزیرخزانہ بھی جو آئے گا وہ مشکل معیشت کو سنبھالے گا۔ ہر کوئی سمجھتا تھا کہ مشکل ترین نوکری میرے پاس ہے۔ہم اس وقت بہتری کی طرف جا رہے ہیں، صرف تھوڑے مشکل فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔

اگر ہم جلد بازی کریں گے اور مشکل فیصلے نہیں کریں گے توپھر کھائی میں گر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے بعد جو بھی آئے گا حکومت کو چاہیے کہ اس کے مشکل فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہو، امید نہ کی جائے کہ فوری دودھ شہید کی ندیاں بہنا شروع ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف پروگرام میں جارہے ہیں، جو بھی شخص اب وزارت خزانہ کی ذمہ داری لے گا اس کو فوری بجٹ بھی بنانا ہے، بجٹ بہت مشکل ہوگا۔

اسد عمر نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں میرے فیصلے سے پی ٹی آئی مضبوط ہوگی یا کمزور ہوگی، میں سازشوں کا حصہ بننے کیلئے تیار نہیں ہوں، مجھے نہیں معلوم کوئی سازش ہوئی ہے یا نہیں، مجھے میرے کپتان نے کہا کہ آپ نے یہ ذمہ داری لینی ہے ، تو میں نے سنبھالی۔ انہوں نے کہا کہ وزیرخزانہ کی ذمہ داری 21 کروڑ عوام ہے۔اس کی ذمہ داری کیپٹل مارکیٹ ہی نہیں ہے،بلکہ عوام کو ریلیف دینا بھی ہوگی، میں نے واضح کہا تھا کہ میں عوام کا کچومر نکالنے کو تیار نہیں ہوں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں