وزیراعظم نے اسد عمر کو ملاقات کیلئے طلب کرلیا

وزیراعظم عمران خان اسد عمر سے وزارتوں میں ردوبدل پرمشاورت کریں گے، اسدعمر سے مل کروزارت خزانہ کیلئے موزوں ناموں پر غور بھی کیا جائے گا، نئے وزراء کا اعلان آج رات یا کل صبح کردیا جائے گا۔ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 18 اپریل 2019 17:22

وزیراعظم نے اسد عمر کو ملاقات کیلئے طلب کرلیا
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔18 اپریل 2019ء) وزیراعظم عمران خان نے سبکدوش وزیرخزانہ اسد عمر کو ملاقات کیلئے طلب کرلیا،وزیراعظم عمران خان اسد عمر سے وزارتوں میں ردوبدل پرمشاورت کریں گے،اسد عمر سے نئے وزیرخزانہ کیلئے بھی مشاورت کی جائے گی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزارت چھوڑنے کے اعلان کے بعد اسد عمر کو اپنے آفس میں طلب کرلیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان وفاقی کابینہ میں وزارتوں میں تبدیلی سے متعلق اسدعمر سے مشاورت کریں گے۔وزیراعظم عمران خان اسدعمر سے ملکروزارت خزانہ کیلئے ممکنہ ناموں پر غور بھی کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ملاقات میں نعیم الحق ، جہانگیرترین ،اسد عمر سمیت دیگر اہم رہنماء شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان مشاورت کے بعد نئے وزراء کا اعلان آج رات یا کل صبح کردیں گے۔

دوسری جانب معلوم ہوا ہے کہ وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، ابتدائی طور پر پانچ وزارتوں میں رودبدل کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ اسد عمر کے بعد اب صاحبزادہ محبوب سلطان، شہریار آفریدی اور فیصل واوڈا کی وزارتیں بھی خطرے میں ہیں۔وفاقی وزراء اعجاز شاہ، غلام سرورخان اور عمر ایوب کی وزارتیں بھی تبدیل کردی جائیں گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسد عمر کے توانائی وزارت لینے کے انکار کے بعد عمر ایوب نے بھی وزارت پٹرولیم لینے سے انکار کردیا ہے۔وزیراعظم عمران خان چوہدری غلام سرور کو بھی وزارت پٹرولیم کا قلمدان چھوڑنے کا کہہ چکے ہیں۔اسی طرح وفاقی وزیرپارلیمانی اموراعجاز شاہ کو وزارت داخلہ بنائے جانے کا امکا ن ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کو ملاقات کیلئے طلب کرلیا ہے۔

ملاقات میں وزارت خزانہ اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اسی طرح حکومت کی جانب سے نئے وزیرخزانہ کیلئے ڈاکٹرعشرت حسین، حفیظ پاشا، سلمان شاہ، شوکت ترین سمیت عمر ایوب کے نام زیرغور ہیں۔ واضح رہے اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں کہا کہ وفاقی کابینہ میں مزید تبدیلیوں کا اعلان رات یا صبح ہوجائے گا، پاکستان کی بہتری کیلئے حصہ ڈالنے کیلئے آیا تھا،عمران خان کو کہا کہ آپ کیلئے نہیں پاکستان کیلئے پی ٹی آئی جوائن کی ہے، سازشوں میں نہیں پڑتا، نہیں معلوم میرے فیصلے سے پی ٹی آئی مضبوط ہوگی یا کمزور ہوگی۔

انہوں نے وزارت خزانہ چھوڑنے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے پہلے بھی کہا تھا کہ کارکردگی کی بنیاد پر ردوبدل کرنا چاہتے ہیں ، وہ چاہتے ہیں کہ میں توانائی کا چارج لے لوں۔ لیکن میں نے ان کو کہا کہ آپ اجازت دیں کہ میں کابینہ سے الگ ہوجاتا ہوں۔عمران خان سے کہا کہ میں نئے پاکستان کیلئے ہمیشہ دستیاب ہوں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں