عوام دشمنی، لوٹ مار اور غریب دشمنی کا وقت گزر چکا، اب عوام کے خادموں کی حکومت ہے،

ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں، ملاوٹ کرنے والوں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارخان آفریدی کا اجلاس سے خطاب

جمعہ 19 اپریل 2019 00:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارخان آفریدی نے کہا ہے کہ عوام دشمنی، لوٹ مار اور غریب دشمنی کا وقت گزر چکا، اب عوام کے خادموں کی حکومت ہے، ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں، ملاوٹ کرنے والوں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور میونسپل ایڈمنسٹریشن کے افسران، سبزی منڈی، غلہ منڈی اور فروٹ منڈی کے اعلیٰ عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کی آمد کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو اسلام آباد میں اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کو کم رکھنے کی ہدایت کی۔ وزیر داخلہ نے رمضان بازار، سستا بازار اور منڈیوں میں اچانک چھاپے مارنے کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام کو یقینی بنائے گی، وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کو کسی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے۔

انہوں نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، اسسٹنٹ کمشنرز، چیئرمین مارکیٹ کمیٹی، منڈیوں کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کو ذخیرہ اندوزوں اور مافیا گروپس کے خلاف سخت ترین کارروائی کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ اور رسولؐ کے ماننے والے کس طرح رمضان کے بابرکت مہینے میں ذخیرہ اندوزی کے مرتکب ہوتے ہیں، دنیا بھر میں ماہ مبارک میں قیمتیں کم کی جاتی ہیں اور مسلمان قیمتوں میں اضافہ کرتے ہیں جو قابل شرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام دشمنی، لوٹ مار اور غریب دشمنی کا وقت گذر چکا۔ اب عوام کے خادموں کی حکومت ہے۔ ذخیرہ اندوزوں، منافع خوروں، ملاوٹ کرنیوالوں اور مصنوعی مہنگائی کرنے والوں کو عبرت کا نشان بنائیں گے اور موقع پر جرمانے اور سزائیں دیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں