وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے چینی صوبہ ھوٴْبے ای کے وائس گورنر ھوانگ چوٴْپنگ کی ملاقات

وزیر اعظم پاکستان کا رواں مہینے چین کا دورہ انتہائی اہم ہے، شیخ رشید ھوبے ای کی صوبائی حکومت پاکستان ریلوے کے ساتھ شراکت داری میں دلچسپی رکھتی ہے،ھوانگ چوٴْپنگ

جمعہ 19 اپریل 2019 23:51

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے چینی صوبہ ھوٴْبے ای کے وائس گورنر ھوانگ چوٴْپنگ  کی ملاقات
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2019ء) چین کے صوبے ھوٴْبے ای کے وائس گورنر ھوانگ چوٴْپنگ نے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد سے جمعہ کو ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان باہمی دیرینہ تعلقات اور ھوبے صوبے کے حوالے سے اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ پر بات چیت کی گئی۔ وائس گورنر ھوانگ چوپنگ نے کہا کہ پاکستان آکر ایسے لگا جیسے اپنے عزیز بھائی کے گھر آیا ہوں، پاکستان کے لوگوں کی چین کے لئے محبت کا مشکور ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ھوبے ای کی صوبائی حکومت پاکستان ریلوے کے ساتھ شراکت داری میں دلچسپی رکھتی ہے، ہماری استعداد سے پاکستان ریلوے کو جدید لائنوں پر ڈالا جا سکتا ہے۔ سی پیک منصوبوں سے پاکستان اور چین کے باہمی تعلقات میں ایک نئے اور سنہری دور کا آغاز ہوا ہے، اسے مزید فروغ دیں گے۔

(جاری ہے)

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کا رواں مہینے چین کا دورہ انتہائی اہم ہے، سی پیک منصوبوں پر خاطر خواہ پیش رفت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مین لائن ون ریل منصوبے کے ابتدائی ڈیزائن پر دستخط ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور۔کراچی ایم ایل ون منصوبے کے تکمیل سے پاکستان میں ریل کا انقلاب آئیگا۔ شیخ رشید احمد نے ھوبے کی صوبائی حکومت کو گوادر، کوئٹہ، تافتان ایم ایل ٹو ریل منصوبے میں شراکت داری اور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وائس گورنر نے وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کو ھوبے صوبے کے دورے کی خصوصی دعوت دی۔ وزیر ریلوے کی طرف سے وائس گورنرھوانگ چوپنگ کا وزارت ریلوے دورے کا شکریہ ادا کیا اورچین دورے کی دعوت قبول کر لی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں