گذشتہ دو روز کے دوران زبردست حمایت پر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں

سابق وزیر خزانہ اسد عمر کا ٹویٹر پیغام

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 اپریل 2019 10:36

گذشتہ دو روز کے دوران زبردست حمایت پر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اپریل 2019ء) : سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے زبردست حمایت پر سب کا شکریہ ادا کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ گذشتہ دو روز کے دوران زبردست حمایت پر لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ایسے لاکھوں بے لوث، نظریاتی اور پُر جوش کارکنان تحریک کے نظریاتی رکھوالے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کارکنوں کا یہی جذبہ عمران خان اور ان کی ٹیم کی طاقت ہے۔ اللہ تعالیٰ تمام کارکنان پر اپنی رحمتیں فرمائے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل اسد عمر نے ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزارت خزانہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد ان کے اچانک اعلان سے سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں ہونے لگیں۔

(جاری ہے)

اسد عمر نے وزیراعظم عمران خان کو اپنا استعفیٰ بھجوایا جس کی گذشتہ روز صدر مملکت نے بھی منظوری دے دی ۔

اسد عمر کے وزارت چھوڑنے کے بعد یہ چہ مگوئیاں ہو رہی تھیں کہ عین ممکن ہے کہ اب اسد عمر پاکستان تحریک انصاف سے بھی علیحدگی اختیار کر لیں گے لیکن گذشتہ روز اپنے ایک بیان میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ میں پاکستان تحریک انصاف کا حصہ ہوں اور رہوں گا۔ کچھ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ اسد عمر پارٹی کی اندرونی سیاست سے دلبرداشتہ ہیں۔سابق وزیرخزانہ اسد عمر نے قریبی دوستوں کو کہا کہ میں چاہتا ہوں اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دوں، میری فیملی بھی سیاست سے نالاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ وقت کراچی میں گزاروں گا۔ لیکن اسد عمر کے دوستوں نے انہیں اسمبلی کی رکنیت نہ چھوڑنے کا مشورہ دے دیا ۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے ہر حال میں اسد عمر کو کابینہ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کے لیے جلد ہی اسد عمر کو قائل کیے جانے کا بھی امکان ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں