اسد عمر کا وزارت خزانہ سے استعفیٰ، شیخ رشید نے منانے کا عزم کر لیا

اسد عمر کے پاس جا کر درخواست کروں گا کہ وہ کابینہ کا حصہ رہیں۔ شیخ رشید

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 اپریل 2019 10:43

اسد عمر کا وزارت خزانہ سے استعفیٰ، شیخ رشید نے منانے کا عزم کر لیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اپریل 2019ء) : اسد عمر کی جانب سے وزارت خزانہ سے استعفیٰ دینے اور اس کے متبادل کوئی بھی وزارت لینے سے انکار پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے انہیں کابینہ کا حصہ رہنے اور یہاں تک کہ استعفیٰ واپس لینے کا بھی مشورہ دیا لیکن اسد عمر اپنے فیصلے پر قائم رہے تاہم اب وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اسد عمر کو منانے اور انہیں کابینہ کا حصہ رہنے پر قائل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ اسد عمر کے پاس جا کر درخواست کروں گا کہ وہ کابینہ کا حصہ رہیں، سابق وزیر خزانہ خود مستعفی ہوئے، صرف ایک وزیر کو نکالا گیا، انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کو پانچ سال پورے کرتا ہوا دیکھ رہا ہوں۔ پریس کانفرنس کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ سازش کے تحت پیسہ سڑکوں اور پلوں پر لگایا گیا، ملک سرحدوں پر نہیں، معیشت پر حملوں سے ٹوٹتے ہیں، روس کے ٹوٹنے کی بنیادی وجہ معیشت کی تباہی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کابینہ سے صرف ایک وزیر کو نکالا گیا، اسد عمر نے خود استعفیٰ دیا ہے۔ اسد عمر نے بہت محنت کی لیکن کپتان کا فیصلہ بہرحال درست ہے، عمران خان جب حکومت میں آئے خزانہ نام کی کوئی چیز نہیں تھی۔ واضح رہے کہ دو روز قبل اسد عمر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران وزارت خزانہ سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد وفاقی کابینہ میں بھی اُکھاڑ پچھاڑ کی گئی اور کئی وزرا کے قلمدان تبدیل کیے گئے تھے۔

اسد عمر کو وزارت خزانہ کی جگہ وزارت پٹرولیم کا قلمدان دینے کی پیشکش کی گئی جسے اسد عمر نے ٹُھکرا دیا تھا۔ لیکن عمران خان اسد عمر کو کابینہ کا حصہ رکھنے کے لیے پُر عزم ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کے لیے وزارت پیٹرولیم کو موزوں ترین وزارت قرار دے دیا اور اسد عمر کو اس حوالے سے جلد قائل کرنے کی یقین کی دہانی بھی کروائی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں