وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کو اہم ذمہ داری سونپ دی

جہانگیر ترین کو اقتصادی امور کے ماہرین پر مبنی بورڈ کا کنوینئیر تعینات کر دیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 20 اپریل 2019 11:41

وزیراعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کو اہم ذمہ داری سونپ دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اپریل 2019ء) : وزیراعظم عمران خان نے اپنے رفیق خاص جہانگیر ترین کو اہم ذمہ داری سونپ دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اقتصادی امور پر پانچ ماہرین پر مبنی ایک بورڈ تشکیل دیا جس کا کنوینئیر جہانگیر ترین کو تعینات کردیا۔ بورڈ میں شبر زیدی، سلیم رضا، شوکت ترین ، صادق سعید اور شیر اعظم کو بھی شامل کیا گیا ۔

اسد عمر کے وزارت خزانہ سے مستعفی ہونے کے بعد ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کو مشیر برائے خزانہ، ریوینیو اور اقتصادی امور مقرر کیا گیا تھا جس کا نوٹی فکیشن گذشتہ روز جمعہ کو جاری کیا گیا۔ یہ نوٹی فکیشن فوری طور پر نافذ العمل ہوگا جس کے مطابق ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کا عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔ ذرائع نے بتایا کہ مشیر خزانہ پی آئی اے کی پرواز پی کے 308 کے ذریعے دبئی سے پاکستان پہنچے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دو روز قبل وفاقی کابینہ میں اُکھاڑ پچھاڑ دیکھنے میں آئی تھی۔ 9 وفاقی وزراء کے قلمدان تبدیل کر دیے گئے جن میں اسد عمر، فواد چوہدری، غلام سرور، شہریار آفریدی، عامر کیانی، طارق بشیر چیمہ شامل ہیں۔ ترجمان وزیراعظم آفس کے مطابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا قلمدان تبدیل کر کے انہیں سائنس اور ٹیکنالوجی کا وزیر بنادیا گیا۔

اسی طرح غلام سرور خان کو وفاقی وزیر ایوی ایشن جبکہ اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ بنا دیا گیا۔ شہریار آفریدی کو وزیر مملکت برائے سیفران جبکہ ڈاکٹر ظفر اللہ مرزا کو معاون خصوصی برائے وزارت صحت بنادیا گیا۔ فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات، ندیم بابر معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ڈویژن جبکہ اعظم سواتی کو وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور بنادیا گیا۔

ذرائع کے مطابق گذشتہ آٹھ ماہ کے دوران بہتر پرفارم نہ کرنے پر وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں تبدیلی کی۔ وزیراعظم نے اسد عمر کے استعفے کے بعد معیشت کی ڈوبتی ہوئی کشتی کو پار لگانے لئے وزارت خزانہ کی ذمہ داری ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ کے کندھوں پر ڈال دی ہے۔ اسد عمر کو وزارت پٹرولیم دینے کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے انکار کر دیا تاہم عمران خان اسد عمر کو کابینہ کا حصہ رکھنے پر بضد ہیں اور انہوں نے یقین دہانی کروائی ہے کہ اس ضمن میں جلد ہی اسد عمر کو قائل بھی کر لیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں