وفاقی حکومت کا بیرون ملک42 ٹریڈ افسران تعینات کرنے کا فیصلہ

ٹریڈ افسران کی تعیناتی تحریری امتحان کے ذریعے ہوگی، ٹریڈ افسران کو3 سال کیلئے بیرون ملک تعینات کیا جائے گا، ٹریڈ افسران کی تعیناتی سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 20 اپریل 2019 16:31

وفاقی حکومت کا بیرون ملک42 ٹریڈ افسران تعینات کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔20 اپریل 2019ء) وفاقی حکومت نے بیرون ملک42 ٹریڈ افسران تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، ٹریڈ افسران کی تعیناتی تحریری امتحان کے ذریعے ہوگی،ٹریڈ افسران کو3 سال کیلئے بیرون ملک تعینات کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت تجارت نے ٹریڈ افسران کی تعیناتی شروع کرنے کیلئے سمری تیارکرلی ہے۔ وزارت تجارت تعیناتی کیلئے سمری منظوری کیلئے وزیراعظم کو بھجوائے گی۔

وزیراعظم کی منظوری کے بعد ٹریڈ افسران کی تعیناتی شروع کی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی بار ملک سے باہرامیدواروں کا تحریری امتحان لینے کی تجویزہے۔ اسلام آباد سمیت واشنگٹن، برسلز اور دبئی میں تحریری امتحان لینے کی تجویز ہے۔ وزارت تجارت نے تحریری امتحان کیلئے آئی بی اے کو شارٹ لسٹ کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

بیرون ملک تحریری امتحان کیلئے آئی بی اے کوالگ سے فیس ادا کی جائے گی۔

آئی بی اے کو اسلام آباد میں ٹیسٹ کیلئے34 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے۔ ذرائع وزارت تجارت کا مزید کہنا ہے کہ ٹریڈ افسران کو 3 سال کیلئے بیرون ملک تعینات کیا جائے گا۔ بیرون ملک تعینات42 ٹریڈ افسران کی مدت رواں سال جون میں ختم ہوگی۔ واضح رہے ٹریڈ افسران کا بیرون ملک تعنیاتی سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، ٹریڈ افسران کی ذمہ داریوں میں پاکستان کیلئے تجارتی فضا قائم کرنا اور بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے قائل کرنے سمیت تجارتی سرگرمیوں کے فروغ میں اضافہ کرنا بھی ہوتا ہے۔

ٹریڈ افسران پاکستانی اشیاء کو بیرونی دنیا میں تجارت کے پیش نظر مارکیٹنگ بھی کرتے ہیں۔ تاکہ پاکستان کی دوسرے ممالک کے ساتھ برآمدات کو بڑھایا جاسکے۔ پاکستان کی برآمدات بڑھنے سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، جس سے معیشت کو استحکام ملے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں