ٖ وزیراعظم ہائوس اور وزارت داخلہ کے مابین چپقلش ‘4ماہ سے ایس ایس پی آپریشن کا عہدہ خالی

ڈی آئی جی آپریشن ،ایس ایس پی کی عدم دستیابی کی وجہ سے جونیئر پوسٹ پر بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں

اتوار 21 اپریل 2019 20:01

7اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اپریل2019ء) وزیراعظم ہائوس اور وزارت داخلہ کے مابین چپقلش کی وجہ سے اسلام آباد میں چار ماہ سے ایس ایس پی آپریشن کا عہدہ خالی ہے‘ ڈی آئی جی آپریشن کی ایس ایس پی کی عدم دستیابی کی وجہ سے جونیئر پوسٹ پر بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں گزشتہ چار ماہ سے ایس ایس پی آپریشن کی سیٹ خالی ہے یہ سیٹ وقار الدین سید کی ڈی آئی جی کے عہدے پر ترقی کے باعث خالی ہوئی تھی ۔

سابقہ وزیر داخلہ شہر یار آفریدی نے وقار الدین سید کی بہترین کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں اسلام آباد میں ہی ڈی آئی جی آپریشن تعینات کردیا تھا۔ اور ان کی جگہ اے آئی جی آپریشن غیاث گل کو ایس ایس پی آپریشن اسلام آباد تعینات کرنے کی منظوری دی تھی تاہم وزیراعظم ہائوس نے وزارت داخلہ کے ایس ایس پی کے متعلق لیٹر کو منسوخ کردیا تھا۔

(جاری ہے)

اور اب چار ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود بھی ایس ایس پی آپریشنز کی سیٹ خالی پڑی ہوئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ ایس ایس پی اسلام آباد کی پرکشش سیٹ کیلئے ٹریفک پولیس اسلام آباد کے ایس ایس پی فرخ رشید ‘ ایس ایس پی سیکیورٹی سلیمان احمد اور ایس ایس پی سی ٹی ایف سید امین بخاری جبکہ جونیئر افسران میں سے اے آئی جی آپریشنز غیاث گل‘ ایس پی انویسٹی گیشن مصطفیٰ تنویر‘ ایس پی ہیڈ کوارٹر عامر نیازی اور ایس پی ڈی پی ڈی لیاقت حیات نیازی بھی ایس ایس پی کے عہدہ کیلئے امیدوار ہیں۔ تاہم ایس ایس پی سیکیورٹی ‘ ایس پی انوسٹی گیشن اور اے آئی جی غیاث گل تاحال سرفہرست ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں