وزیراعظم کی روضہ امام رضا علیہ السلام پرحاضری، نوافل ادا کیے

وزیراعظم عمران خان کو متولی آیت اللہ ماروی نے خصوصی تحفہ دیا، وزیراعظم نے متولی کا شکریہ ادا کیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 21 اپریل 2019 21:05

وزیراعظم کی روضہ امام رضا علیہ السلام پرحاضری، نوافل ادا کیے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل 2019ء) وزیراعظم عمران خان نے مشہد میں روضہ امام رضا علیہ السلام پر نوافل ادا کیے، وزیراعظم عمران خان کو متولی آیت اللہ ماروی نے خصوصی تحفہ دیا ہے، جس پر وزیراعظم عمران خان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان دوروزہ سرکاری دورے پر ایران پہنچ گئے ہیں، وزیراعظم آج ایران کے شہر مشہد پہنچے جہاں ان کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان دوروزہ سرکاری دورے پر آج اتوارکو مشہد پہنچ گئے ہیں۔ جہاں وہ مختصرقیام کے بعد تہران روانہ ہوں گے۔ ایران کے صدر حسن روحانی نے وزیراعظم عمران خان کو اس دورے کی دعوت دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا ایران کا یہ پہلا سرکاری دورہ ہے۔

(جاری ہے)

شہید ہاشمی نژاد ائیرپورٹ پر صوبہ خراسان رضاوی کے گورنر علی رضا رازم حسینی نے وزیراعظم کااستقبال کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے گورنر سے گفتگو بھی کی۔ ایران میں پاکستان کی سفیر رفعت مسعود اورمشہد میں پاکستانی قونصل خانہ کے اہلکار بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیرانسانی حقوق ڈاکٹرشیریں مزاری، میری ٹائم افیئرز کے وزیرسید علی حیدرزیدی، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود، وزیراعظم کے معاون خصوصی سید زولفقار عباس بخاری، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرظفراللہ مرزا اورپٹرولیم کیلئے وزیراعظم کے معاون خصوصی ندیم بابربھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان دورہ ایران کے بعد چین کا دورہ کریں گے۔ چینی قیادت نے وزیراعظم عمران خان کو دورہ چین کی دعوت دے رکھی ہے۔ دورہ چین میں دوطرفہ تعلقات اور سی پیک منصوبوں سے متعلق مزید معاہدے کیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں