چوہدری نثار کے وزیراعلیٰ بننے کی خبروں پر حکومتی ردِ عمل آ گیا

مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے متبادل کے طور پر چوہدری نثار کے نام کو مسترد کر دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 22 اپریل 2019 11:29

چوہدری نثار کے وزیراعلیٰ بننے کی خبروں پر حکومتی ردِ عمل آ گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اپریل 2019ء) : چوہدری نثار کے وزیراعلیٰ بننے کی خبروں پر حکومتی ردِ عمل آ گیا۔مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ایسی تمام خبروں کو مسترد کر دیا۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے عثمان بزدار کی جگہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے وزیر اعلیٰ بننے کی خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے مسلم لیگ ن کے ناراض رہنما چوہدری نثار کے سیاست میں متحرک ہونے کو وزارت اعلیٰ کی کرسی سنبھالنے کے امکان سے جوڑنے کو مسترد کر دیا۔انہوں نے کسی بھی طریقے سے چوہدری نثار کی حمایت کرنے سے انکار کیا۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف ایک ایسے رہنما کو وزیر اعلیٰ بنانے پر غور کیوں کرے گی جسے اپنی پارٹی ہی قبول نہیں کرتی؟۔

(جاری ہے)

خیال رہے کچھ روز سے خبریں گردش کر رہی ہیں کہ چوہدری نثار کا جلد ہی صوبائی اسمبلی کی سیٹ سے حلف اٹھانے کا امکان ہے۔۔ن لیگ میں مزاحمتی سیاست کا بیانیہ رد ہونے پر چوہدری نثار نے پھر سے ن لیگ سے رابطوں کا فیصلہ کیا۔چوہدری نثارانتخابات میں راولپنڈی کی صوبائی نشست پر کامیاب ہوئے تھے۔ چوہدری نثار شہباز شریف سے ملاقات کے بعد حلف اٹھائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار کا حلف اٹھانے کا فیصلہ بلاوجہ نہیں اور اگر وہ حلف اٹھاتے ہیں تو پھر کسی سطح پر ضرور تبدیلی آ سکتی ہے ۔میڈیا رپورٹس میں چوہدری نثار کی لندن میں موجود مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف سے ملاقات کا بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے ۔ یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن)کی قیادت سے ناراض چوہدری نثار نے آزاد حیثیت سے قومی اسمبلی کی 2 اور صوبائی اسمبلی کی ایک نشست پر انتخاب لڑا تھا جس میں انہیں صرف پنجاب اسمبلی کی نشست پر کامیابی ملی تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں