ضلع خیبر کے تین قبائلی دیہات کے آئی ڈی پیز کی واپسی،

غیر رجسٹرڈ آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن کا آغاز

پیر 22 اپریل 2019 13:10

ضلع خیبر کے تین قبائلی دیہات کے آئی ڈی پیز کی واپسی،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2019ء) خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کے تین قبائلی دیہات کے آئی ڈی پیز کی واپسی اور غیر رجسٹرڈ آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر کے تین قبائل کوکی خیل، قمبر خیل اور ملک دین خیل قبائل کے آئی ڈی پیز کی واپسی کا عمل پیر سے دوبارہ شروع کر دیا گیا جو5 مئی تک جاری رہے گا۔

تعمیر نو و بحالی کے ادارہ کے کوآرڈینیٹر لطیف خان نے پیر کو ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے ضلع خیبر کے باقی رہ جانے والے عارضی طورپر بے گھر افراد کی واپسی کا عمل آج پیر سے شروع کر دیا گیا ہے جن میں گائوں کو کی خیل، قمبر خیل اور ملک دین خیل کے قبائل اپنے علاقوں میں واپسی کے لئے کے پی کے حکومت نے موقع فراہم کیا جس کے تحت ماضی میں غیر رجسٹرڈ آئی ڈی پیز کی رجسٹریشن کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے وہ آئی ڈی پیز جنہوں نے ماضی میں اپنی رجسٹریشن نہیں کروائی وہ اپنے علاقوں میں واپسی کے موقع پر اپنے خاندان کی رجسٹریشن کروا لیں اس کے بعد رجسٹریشن کا عمل بند کردیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ رجسٹریشن نہ کروانے والے آئی ڈی پیز کو حکومت کی جانب سے اعلان کردہ معاوضہ جات و دیگر سہولیات نہیں دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اپنے علاقوں میں واپس جانے والے آئی ڈی پیز کو 10 ہزار روپے ٹرانسپورٹ کی مد میں جبکہ 25 ہزار روپے کیش گرانٹ کے طور پر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ واپس جانے والے آئی ڈی پیز کو 6 ماہ کے لے مختلف اشیائے خورد و نوش ورلڈ فوڈ پروگرام دے رہا ہے جبکہ دیگر این جی اوز کی جانب سے خیمے و دیگر اشیا بشمول برتن فراہم کئے جائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں