حکومت کاروبار میں آسانی اور سازگار فضا مہیا کرنے کے لئے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی،وزیر اعظم عمران خان کی یورپین کاروباری گروپ کے وفد سے گفتگو

بدھ 24 اپریل 2019 12:34

حکومت کاروبار میں آسانی اور سازگار فضا مہیا کرنے کے لئے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی،وزیر اعظم عمران خان کی یورپین کاروباری گروپ کے وفد سے گفتگو
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کاروبار میں آسانی اور سازگار فضا مہیا کرنے کے لئے ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔ انہوں نے یہ بات یورپ کی ایچ آر ڈی انٹرپ اینڈ آئی بی ایل گروپ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ واضح رہے کہ ایچ آر ڈی انٹرپ ہیروں کی گریڈنگ میں یورپ کا ممتاز ادارہ ہے۔

وفد میں ایچ آر ڈی بیلجیم کی نائب صدر کیتھرین ڈیکوٹ اور چیئرمین آئی بی ایل گروپ راشد عبداللہ و دیگر شامل تھے۔پروفیسر ڈاکٹر عطاء الرحمن بھی وفد کے ہمراہ تھے جبکہ ملاقات میں مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور مشیر تجارت عبدالرزاق دائود بھی موجود تھے ۔ ڈاکٹر عطاء الرحمن نے رنگین قیمتی پتھروں اور جواہرات کے شعبہ میں ملکی برآمدی صلاحیت کے بارے میں پریذینٹیشن دی ۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کو بتایاگیا کہ قیمتی پتھروں کے شعبہ میں ملک کی برآمدی صلاحیت 2012ء میں 1.62 ارب ڈالر تھی اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس میں کمی آئی ہے۔ وزیر اعظم کو بتایاگیا کہ ایچ آر ڈی انٹرپ اور آئی بی ایل گروپ خام قیمتی پتھروں کوتراشنے اور چمکانے کے لئے پاکستان میں فیکٹری کے قیام کا خواہاں ہے۔ ڈاکٹر عطاء الرحمن نے اس شعبہ میں موجود مواقع سے استفادہ کے لئے بعض تجاویز بھی پیش کیں۔ وزیر اعظم عمران خان نے ایچ آر ڈی انٹرپ کی دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کامیاب کاروباری منصوبے کے لئے ہر ممکنہ معاونت فراہم کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں