وفاقی کابینہ نے ادویات مہنگی کرکے منافع کمانے والی کمپنیوں سے رقم واپس لینے کا فیصلہ

کمپنیوں سے رقم واپس لے کر بیت المال میں جمع کروائی جائے گی جسے عوام کے علاج معالجے پر خرچ کیا جائے گا۔ مشیر اطلاعات

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 24 اپریل 2019 13:15

وفاقی کابینہ نے ادویات مہنگی کرکے منافع کمانے والی کمپنیوں سے رقم واپس لینے کا فیصلہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 24 اپریل 2019ء) : وفاقی کابینہ نے ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے منافع کمانے والی کمپنیوں سے رقم واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ جن کمپنیوں نے ادویات کی قیمتوں میں من پسند اضافے کیے اور ڈرگ پالیسی کا غلط استعمال کیا اُن کمپنیوں سے پیسے واپس لیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے جن جن کمپنیوں نے منافع کمایا ، حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ پیسے واپس لے کر بیت المال میں جمع کروایا جائے گا جسے جان لیوا امراض جیسے کینر، تھیلیسیمیا، ہیپاٹائٹس میں مبتلا مستحق اور نادار مریضوں کے علاج معالجے پر خرچ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت نے ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کا اسپیشل آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا تھا۔

وزارت قومی صحت نے آڈیٹر جنرل پاکستان کے نام مراسلہ لکھا جس میں کہا گیا کہ ڈریپ کا 2013ء سے 2018ء تک آڈٹ کیاجائے۔ ڈریپ کا اسپیشل آڈٹ ادویات قیمتوں سےمتعلق کیاجائے۔ مراسلے کے مطابق آڈٹ کا مقصد ادویات کی قیمتوں کے تعین میں شفافیت کا اندازہ لگانا ہے۔ میڈیا میں ڈریپ سےمتعلق بے ضابطگیوں کےالزامات آ ئے جس پر وفاقی وزیرصحت عامرکیانی نے کہا کہ ڈریپ کی کارکردگی شفاف اورمعیاری بنانے کی ضرورت ہے۔

ڈریپ کے آڈٹ سے ادارے پر عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ حکومت عوام کوسستی ومعیاری ادویات کی رسائی ممکن بنائےگی۔ یاد رہے کہ ادویات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر وزیر اعظم عمران خان نے ادویات کی قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ 72 گھنٹے میں ادویات کی قیمتوں کو پُرانی قیمتوں پر واپس لایا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں