حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے قومی امیگریشن ویلفیئر پالیسی تشکیل دی ہے‘

پارلیمانی سیکرٹری سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل جویریہ ظفر کا قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران جواب

بدھ 24 اپریل 2019 14:46

حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے قومی امیگریشن ویلفیئر پالیسی تشکیل دی ہے‘
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل جویریہ ظفر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کے لئے قومی امیگریشن ویلفیئر پالیسی تشکیل دی ہے‘ نائیکوپ کی شرط ختم کردی گئی ہے‘ اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے‘ وزیراعظم تارکین وطن کو اپنے دل کے قریب قرار دیتے ہیں۔

بدھ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران رضا ربانی کھر کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے سمندرپار پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل جویریہ ظفر نے بتایا کہ اٹھارہویں ترمیم کے بعد لیبر ویلفیئر کا مسئلہ صوبوں کو منتقل ہوگیا ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ پسماندہ صوبوں ‘ علاقوں کو بھی دیگر علاقوں کے برابر لایا جائے۔

(جاری ہے)

میرٹ پر ملازمتوں میں اگر بلوچستان یا دیگر علاقوں سے لوگ بھرتی ہونے سے رہ جاتے ہیں تو اس میں کسی کا کردار نہیں۔

انجینئر صابر حسین قائم خانی کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری جویریہ ظفر نے بتایا کہ وزارت سمندر پار پاکستانیوں کے لئے قومی امیگریشن ویلفیئر پالیسی تشکیل دے دی ہے۔ حکومت نے زیادہ سے زیادہ سہولت بہم پہنچانے اور امیگریشن کی لاگت کو کم کرنے کے لئے نائیکوپ کی شرط ختم کردی ہے۔ وزیراعظم نے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے ٹاسک فورس تشکیل دی ہے۔ ذوالفقار بخاری اس کے سربراہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کہتے ہیں کہ پاکستانی تارکین وطن میرے دل کے بہت قریب ہیں۔ سعودی عرب میں 3600 قیدیوں کی رہائی کے لئے سعودی حکومت سے بات چیت ہو رہی ہے۔ ہم اس معاملہ کو سنجیدگی سے لیں گے۔ قیدیوں کی رہائی کا سلسلہ شروع ہے۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اس بارے میں اعداد و شمار مہیا کردیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں