سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹرراجہ محمد ظفرالحق کا سعودی وفد کے اعزاز میں پارلیمنٹ ہائوس میں ظہرانہ

بدھ 24 اپریل 2019 23:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2019ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمدبن ابراہیم الشیخ کی سربراہی میں تین روزہ دورے پر آئے وفد کے اعزاز میں سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹرراجہ محمد ظفرالحق نے پارلیمنٹ ہائوس میں ظہرانہ دیا ۔ظہرانہ کے دوران راجہ محمد ظفر الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان بردرانہ تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں جن کی تاریخ صدیوں پرانی ہے۔

دونوں ممالک کے لوگ ایک دوسرے کی بھر پور عزت اور محبت کرتے ہیں اور مذہبی لحاظ سے بھی پاکستانوں کو سعودی عرب سے بھر پور عقیدت ہے۔دوستانہ تعلقات کی تاریخ سے یہ ثابت ہوا ہے کہ پاکستان نے سعودی عرب کی ہمیشہ غیر مشروط حمایت کی ہے ۔

(جاری ہے)

راجہ محمد ظفرالحق نے کہا کہ اسلام تیزی سے پھیلاتا ہوا مذہب ہے۔ دنیا میں 1.8ارب لوگ مسلمان ہیں جو کل آبادی کا 41فیصد بنتا ہے انہوں نے کہا کہ مسلم ممالک کو درپیش چیلنچز و مسائل کو حل کرنا ہمارا مذہبی اور سماجی فریضہ ہے اور اس کے لئے مسلم ممالک کو مل کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی کو مزید فعال کردار کرنا چاہئے یہ تنظیم مسلمانوں کے بنیاد ی حقوق کی فراہمی اور خاص کر مسئلہ فلسطین اور کشمیر کے حل کے لئے ایک جامع پروگرام ترتیب دے کر اُن کی آزادی کے لئے اقدام لے۔انہوں نے کہا کہ مختلف علاقائی اور عالمی مسائل کے حل کے لئے ہمیں مل کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا چاہئے جس کے تحت مسلم ممالک کے مسائل کے حل کئے جا سکیں۔

سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمدبن ابراہیم الشیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان محبت کرنے والا وفادار دوست ملک ہے ۔پاکستان نے ہمیشہ ہمارے موقف کی تائید کی ہے سعودی عرب اور پاکستان کے مابین تعلقات دیگر ممالک کی نسبت ممتاز ہیں جس کی واضع مثال سعودی شہزادے محمد بن سلمان کا پاکستان کا دورہ تھا جس سے دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی جدت ملی ہے اور اسکے فوری نتائج بھی سامنے آئے ہیں بہت سے معاملات مذاکرات کے بغیر حل ہونا شروع ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو نئی بلندیوں پر لایا جائے گا سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کی مشکل گھڑی میں بھائی کی طرح ساتھ رہا ہے ۔ ظہرانہ میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی ، ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈی والا ، قائد ایوان سید شبلی فراز ، سینیٹرز جاوید عباسی ، کلثوم پروین ، شیری رحمن ، مشاہد اللہ خان، عثمان کاکڑ، شمیم آفریدی ، رانا مقبول حسین ، سلیم ضیاء، لیاقت تراکئی، احمد خان، رخسانہ زبیری ، سسی بلیجو، نزہت صادق،صابر شاہ ، یوسف بادینی ، نصیب اللہ، انور لال دین ، دلاور خان، بہرمند خان تنگی ،سردار شفیق ترین، منظور احمد ، غوث محمد نیازی ، خان زادہ خان، عائشہ رضا فاروق، ڈاکٹر شہزاد وسیم، حاجی مومن خان آفریدی ، رکن قومی اسمبلی ایاز صادق ،جنرل سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک اور سینیٹ کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں