بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، نیب بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہے،چیئر مین نیب

پاکستان سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے اپنی کوششوں کو دوگنا کریں کیونکہ نیب پاکستان کو کرپشن فری بنانے کیلئے پرعزم ہے، نیب کی تمام علاقائی بیوروز کو ہدایت

جمعرات 25 اپریل 2019 00:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2019ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، نیب بدعنوانی کے خاتمہ اور اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لانے کیلئے پرعزم ہے۔ ان خیالات کا انہوں نے نیب کے علاقائی بیوروز کی ماہانہ کارکردگی کے جائزہ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں نیب کی خامیوں اور کارکردگی میں بہتری کیلئے تمام علاقائی بیوروز اور نیب ہیڈکوارٹرز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے تمام ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی کہ وہ شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریوں اور انویسٹی گیشنز کو میرٹ پر اور قانون کے مطابق نمٹائیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کی بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے ’’احتساب سب کیلئے‘‘ کی مؤثر انسداد بدعنوانی کی حکمت عملی کے شاندار نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں، نیب تمام مقدمات میں شکایت کی جانچ پڑتال، انکوائری اور انویسٹی گیشن پر مبنی آپریشنل میتھڈالوجی پر عمل پیرا ہے۔

(جاری ہے)

نیب قوم کی امنگوں پر پورا اترنے کیلئے بدعنوانی کے خاتمہ کی کوششوں اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقم برآمد کرکے قومی خزانہ میں جمع کرانے میں تیزی لایا ہے، نیب نے اپنے قیام سے لے کر اب تک 303 ارب روپے قومی خزانہ میں جمع کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے مقدمات کو مؤثر انداز میں تیزی سے نمٹانے کیلئے شکایت کی جانچ پڑتال سے انکوائری، انکوائری سے انویسٹی گیشن اور انویسٹی گیشن سے احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کرنے تک کیلئے وقت کا تعین کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اس لئے نیب انہیں بدعنوانی کے برے اثرات سے متعلق اوائل عمری میں آگاہ کرنے کیلئے خصوصی توجہ مرکوز کر رہا ہے تاکہ مستقبل میں انہیں ہر قسم کی بدعنوانی سے بچایا جا سکے۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے ملک بھر کے کالجوں، یونیورسٹیوں میں 50 ہزار سے زائد کردار سازی کی انجمنیں قائم کی ہیں۔ چیئرمین نیب نے تمام علاقائی بیوروز کو ہدایت کی کہ وہ پاکستان سے کرپشن کے خاتمہ کیلئے اپنی کوششوں کو دوگنا کریں کیونکہ نیب پاکستان کو کرپشن فری بنانے کیلئے پرعزم ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں