امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر قابو پانے کیلئے مسلم ممالک میں اتحاد و یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے،

اتحاد بین المسلمین کے فروغ اور امہ کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں سعودی عرب کا کردار قابلِ ستائش ہے، سپیکر قومی اسمبلی

جمعرات 25 اپریل 2019 14:44

امت مسلمہ کو درپیش مسائل پر قابو پانے کیلئے مسلم ممالک میں اتحاد و یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ امت مسلمہ کودرپیش مسائل پر قابو پانے کے لئے مسلم ممالک میں اتحاد و یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے، اتحاد بین المسلمین کے فروغ اور امہ کو درپیش مسائل کو حل کرنے میں سعودی عرب کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز سپیکر اسد قیصر نے سعودی شوریٰ کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ محمد ابراہیم الشیخ کی سربراہی میں سعودی عرب کے پارلیمانی وفد کے ساتھ پارلیمنٹ ہاوس میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، مسلم امہ کو درپیش مسائل اور اہم علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مذہب، اخوت تاریخ اور ثقافت کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنی بے مثال دوستی پر فخر ہے، سعودی عرب ہر مشکل وقت میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہا ہے اور فراخدلانہ مدد کی ہے۔

انہوں نے کہا پا کستان اورسعودی عرب کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات ملکی او رعوامی سطح کے ہیں اور پاکستان کی پارلیمان دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لئے پر عزم ہے۔ سپیکر نے کہا کہ دونوں ممالک کی پارلیمانوں کے درمیان رابطوں میں اضافے سے دونوں ممالک کے اراکین کو ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کے مواقع حاصل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک نے علاقائی اور عالمی معاملات پر ہمیشہ ایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت کی ہے۔ خطے میں امن اور خوشحالی کے لئے دونوں اقوام کا ایک دوسر ے کے ساتھ قریبی تعاون ضروری ہے۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین سعودی شوری کونسل ڈاکٹر عبداللہ محمد ابراہیم الشیخ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کا مخلص دوست ہے اور سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان اراکینِ پارلیمنٹ اور حکومتی سطح پر رابطوں میں اضافے سے ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امتِ مسلمہ کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے سعودی عرب اپنا کلیدی کردار جاری رکھے گا۔ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ پارلیمانی و اقتصادی رابطوں کو فروغ دے کر انہیں مزید وسعت دینے کا خواہش مند ہے۔ ڈاکٹر عبداللہ محمد ابراہیم الشیخ نے سپیکر کو مختلف شعبوں میں اپنی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل نے دوطرفہ تجارتی اور پارلیمانی روابط کو فروغ دینے کی سپیکر کی تجویز سے بھی اتفاق کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں