پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی سے حکومت کو 97 ارب روپے کا نقصان ہوا

وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر کا ایوان بالا میں ٹیکسوں میں انتہائی کمی کے حوالے سے توجہ مبذول نوٹس کا جواب

جمعرات 25 اپریل 2019 19:51

پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی سے حکومت کو 97 ارب روپے کا نقصان ہوا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) وزیر مملکت برائے محصولات حماد اظہر نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی سے حکومت کو 97 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو ایوان بالا میں سینیٹر میاں محمد عتیق شیخ کی جانب سے ٹیکسوں میں انتہائی کمی کے حوالے سے توجہ مبذول نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ میں رواں سال محصولات میں اضافہ ہوا ہے تاہم رواں سال کے اہداف کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے محصولات کے جو اہداف مقرر کئے تھے ان پر بار بار نظر ثانی کی گئی۔ آئندہ مالی سال میں محصولات کا ہدف سیاسی بنیادوں پر بہتر انداز میں پیش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء میں ریونیو کا شارٹ فال 221 ارب روپے، 2015ء میں 220 ارب روپے، 2017ء میں 253 ارب روپے اور 2018ء میں 238 ارب روپے تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے بجٹ پیش کیا۔

انہوں نے ٹیکس جمع کرانے کی حد چار لاکھ سے بڑھا کر 12 لاکھ کر دی جس سے ٹیکس وصولی میں کمی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس 28 فیصد سے کم کر کے 17 فیصد لے آئے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی دی گئی ہے جس سے حکومت کو 97 ارب روپے کا نقصان ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے موبائل ٹیکس کی وصولی کے حوالے سے فیصلہ دے دیا ہے اب یہ ٹیکس بھی جمع کریں گے۔

رواں سال کسٹم ڈیوٹی، سیلز ٹیکس کی مد میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ہم بیرونی خسارہ جات پر قابو پانے کے لئے کوشاں ہیں۔ کرنٹ خسارہ میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال مزید مالی استحکام آئے گا۔ ٹیکس محصولات جمع کرنے کے لئے صوبوں سے مل کر کام کریں گے۔ سیلز ٹیکس کی رجسٹریشن اور فائلنگ کے لئے یکم جون سے نئی ایپ وضع کر رہے ہیں۔ ہم بے نامی اکائونٹس اور بے نامی پراپرٹیوں کے حوالے سے بھی کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نادرا اور ایف آئی اے کے تعاون سے ڈیٹا بیس بنایا گیا ہے جس سے معلوم ہوا ہے کہ سینکڑوں لوگ کروڑوں روپے کی پراپرٹی خرید رہے ہیں لیکن ٹیکس نہیں دیتے۔ بعد ازاں چیئرمین نے توجہ مبذول نوٹس نمٹا دیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں