ایک بار پھر بجلی مہنگی کرنے کی سفارش کر دی گئی

بجلی کے نرخوں میں 57پیسے فی یونٹ اضافے کی تجویز،نیپرا درخواست پر 28مئی کو سماعت کرے گا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 20 مئی 2019 16:31

ایک بار پھر بجلی مہنگی کرنے کی سفارش کر دی گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2019ء) ایک بار پھر بجلی مہنگی کرنے کی سفارش کر دی گئی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بجلی صارفین کو ایک بار پھر سے بری خبر سنا دی گئی ہے۔سی پی پی اے نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کروا دی ہے۔ جس میں بجلی کے نرخوں میں 57پیسے فی یونٹ اضافے کی تجویز پیش کی گئی ہے،نیپرا بجلی کے نرخوں میں اضافے کی درخواست پر 28مئی کو سماعت کرے گا۔

اضافہ اپریل 2019ء کی ماہانہ فیول ایڈ جسمنٹ کی مد میں منگا گیا۔اس سے قبل ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ آئی ایم ایف سے طے ہونے والے معاہدے کے بعد مہنگائی میں مزید اضافہ ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت نے آئی ایم ایف سے بجلی کے نرخ بڑھانے کی حامی بھرلی ہے جس کے تحت بجلی کے نرخ 2 روپے 60 پیسے فی یونٹ تک بڑھنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

بجلی کے نرخ 2 قسطوں میں بڑھائے جائیں گے۔ پہلے مرحلے میں نرخ یکم جولائی سے ایک روپے 30 پیسے بڑھنے کا امکان ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں بجلی کے فی یونٹ نرخ یکم ستمبر سے ایک روپے 30 پیسے بڑھنے کا امکان ہے۔ حکومتی اقدام سے قومی خزانے پر سبسڈی کی مد میں دیئے جانے والے 200 ارب روپے کا بوجھ کم ہوگا۔ نئے ٹریف میں فی یونٹ 12.98 پیسے سے 15.58 پر آجائے گا، حکومت نے آئی ایم ایف کو سرکولر ڈیٹ کم کرنے کی بھی یقین دہانی بھی کروائی ہے، حکومت لائن لاسز، چوری، ڈسٹری بیوشن کو بھی بہتر بنائے گی۔

واضح رہے کہ اس سے قبل اپریل کے مہینے میں بجلی کی قیمتوں میں 81 پیسے فی یونٹ کا اضافہ کیا گیا تھا۔بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ماہانا فیول ایڈ جسمنٹ کی مد میں کیا گیاتھا۔ اس اضافے سے بجلی صارفین پر 5 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔اس سے قبل 20فروری کو بجلی کی قیمت میں ایک روپیہ 80پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا۔۔بجلی کی قیمتوں میں یہ اضافہ جنوری کی فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں کیا گیا تھا جس سے صارفین پر 13ارب 50کروڑ کا اضافی بوجھ پڑا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں