"ووٹ کو عزت" دلوانے والے پچھلے کئی ماہ سے کس بل میں چھپے ہوئے تھے،

ووٹ کو عزت دلوانے والا نام نہاد تماشا پہلے بھی ناکام ہوا، اب کی بار بھی ہوگا، لوٹی گئی دولت واپس کرنے اور سیاست سے بوریا بستر گول کرنے کے علاوہ کوئی آپشن دستیاب نہیں،وفاقی وزیر مراد سعید

پیر 20 مئی 2019 23:29

"ووٹ کو عزت" دلوانے والے پچھلے کئی ماہ سے کس بل میں چھپے ہوئے تھے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ "ووٹ کو عزت" دلوانے والے پچھلے کئی ماہ سے کس بل میں چھپے ہوئے تھے، ووٹ کو عزت دلوانے والا نام نہاد تماشا پہلے بھی ناکام ہوا، اب کی بار بھی ہوگا، لوٹی گئی دولت واپس کرنے اور سیاست سے بوریا بستر گول کرنے کے علاوہ کوئی آپشن دستیاب نہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے اپوزیشن کے اجلاس اور مریم نواز کے بیان پر دلچسپ تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ جو وزیراعظم کو نہ ماننے کے بیان داغ رہی ہیں وہ تو اپنے نام پر موجود جائیدادیں بھی تسلیم نہیں کرتی تھیں، انکی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں اور وہ تو اپنے والد کیساتھ رہتی تھیں، ستم ظریفی تو یہ ہے کہ والد انکی وجہ سے آج کل کوٹ لکھپت میں رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ ’’ووٹ کو عزت‘‘ دلوانے والے پچھلے کئی ماہ سے کس بل میں چھپے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ وقت نے ثابت کیا کہ جس شخص کے بیٹھنے سے وزارت عظمیٰ کے منصب کی توہین ہوتی تھی اسے حقیقی جگہ پر پہنچایا جاچکا ہے، ابو کے بعد مفرور چچا کے گرد گھیرا تنگ ہوا تو دوبارہ ’’ووٹ کی عزت‘‘ کا خیال آگیا، "ووٹ کی عزت" احتساب کی رفتار سے مشروط ہے، ابھی والدِ گرامی کو فرار کی راہ مل جائے ووٹ کی عزت پوری آب و تاب سے بحال ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان مقبول ترین وزیراعظم ہی نہیں محبوب ترین سیاسی قائد بھی ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ’’ووٹ کو عزت‘‘ دلوانے والا نام نہاد تماشا پہلے بھی ناکام ہوا، اب کی بار بھی ہوگا، لوٹی گئی دولت واپس کرنے اور سیاست سے بوریا بستر گول کرنے کے علاوہ کوئی آپشن دستیاب نہیں، یہ بات جتنی جلد اپنے دماغ میں بٹھا لیں اتنا ہی انکے حق میں بہتر ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں