موبائل فون کمپنیوں نے لائسنسوں کی تجدید کیلئے نئی مجوزہ فیس 449 ملین ڈالر کیلئے رضا مندی ظاہر کر دی

منگل 21 مئی 2019 17:35

موبائل فون کمپنیوں نے لائسنسوں کی تجدید کیلئے نئی مجوزہ فیس 449 ملین ڈالر کیلئے رضا مندی ظاہر کر دی
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) موبائل فون کمپنیوں ٹیلی نار، جاز اور زونگ نے حکومت کی طرف سے لائسنسوں کی تجدید کیلئے نئی مجوزہ مقررہ فیس 449 ملین ڈالر کیلئے رضا مندی کا اظہار کر دیا۔ پی ٹی اے اور سرکاری حکام کے ساتھ کمپنیوں کے مذاکرات حتمی مرحلہ میں داخل ہو گئے۔ پی ٹی اے اور کمپنیوں کے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حکومت نے موبائل فون کمپنیوں کے لائسنسوں کی تجدید کیلئے 291 ملین ڈالر کی سابقہ فیس کو بڑھا کر نئی مجوزہ فیس 449 ملین ڈالر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر موبائل فون کمپنیوں کی طرف سے شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے تاہم حکومت نے اس حوالہ سے کوئی لچک نہ دکھانے کا فیصلہ کیا اور کمپنیوں کے ساتھ مذاکراتی عمل کے تحت کئی ادوار میں نئی فیس کے نفاذ پر زور دیا۔

(جاری ہے)

مذاکرات میں حکومت کی طرف سے جن کمپنیوں نے نئی مجوزہ فیس ادا نہ کی ان کے لائسنس منسوخ کرنے کے حوالہ سے تنبیہ کی جس پر موبائل فون کمپنیوں نے نئی فیسوں کے تحت لائسنسوں کی تجدید پر رضامندی کا عندیہ دیا ہے۔ کمپنیوں کی طرف سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ یوفون موبائل کمپنی کے لائسنس کی تجدید 291 ملین ڈالر میں کی گئی ہے لہٰذا باقی کمپنیوں کو بھی اسی فیس کے تحت لائسنسوں کی تجدید کا حق دیا جائے جسے حکومت کی طرف سے مسترد کر دیا گیا۔

قابل ذکر بات ہے کہ ایک موبائل فون کمپنی جس کے لائسنس کی مدت آئندہ چند ہفتوں کے بعد ختم ہو رہی ہے، نے اپنی سروسز جاری رکھنے کی استدعا کرتے ہوئے پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کو ایک درخواست دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ جب تک نئے لائسنسوں کی تجدید سے متعلق مذاکرات میں حتمی فیصلہ نہیں ہو جاتا تب تک ہمیں اپنی سروسز جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں