وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

کابینہ نے کامیاب نوجوان پروگرام، تعلیمی پالیسی، وفاقی دارالحکومت کے لئے لوکل گورنمنٹ بورڈ کے قیام، ڈسٹرکٹ سیشن جج حافظ عثمان کو بینکنگ کورٹ کراچی، شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری اور کے الیکٹرک کے لئے بجٹ فراہمی سمیت 9 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دیدی اجلاس میں تعلیمی پالیسی اور کامیاب نوجوان پروگرام پر اڑھائی گھنٹے سیر حاصل بحث کی گئی، نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے حکومت نے 100 ارب روپے کامیاب نوجوان پروگرام کے لئے مختص کئے ہیں، خواتین کے لئے 25 فیصد کوٹہ مختص کیا گیا ہے، نوجوانوں کو ایک تا پانچ لاکھ روپے قرض 6 فیصد شرح سود کے ساتھ فراہم کیا جائے گا، 5 تا 50 لاکھ روپے قرض پر شرح سود 8 فیصد رکھی گئی ہے، اضافی شرح سود کا بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی، اس پروگرام سے معاشی انقلاب آئے گا، کابینہ میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ کے معاملے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ڈالر کی قیمت میں اضافے کے حوالے سے تلخ حقائق، وراثت میں ملنے والی معیشت کے خدوخال کابینہ کے سامنے رکھے، وفاقی کابینہ نے ڈاکٹر اسد اور حامد مختار کو مانیٹری پالیسی کمیٹی میں ایکسٹرنل ممبر مقرر کرنے اور اسلام آباد کے لئے لوکل گورنمنٹ بورڈ کے قیام کی منظوری دی، اپوزیشن کی جانب سے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے اور انتشار پھیلانے کے معاملے پر بھی غور کیا گیا وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ

منگل 21 مئی 2019 18:21

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2019ء) وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی کابینہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کو اس مشکل صورتحال سے عوام کی طاقت کے ذریعے نکالا جائے گا، معاشی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لئے طویل مدتی پالیسی معاون و مددگار ثابت ہو گی، وفاقی کابینہ نے کامیاب نوجوان پروگرام، تعلیمی پالیسی، وفاقی دارالحکومت کے لئے لوکل گورنمنٹ بورڈ کے قیام جبکہ ڈسٹرکٹ سیشن جج حافظ عثمان کو بینکنگ عدالت کراچی، شہید ذوالفقار علی بھٹو یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری اور کے الیکٹرک کے لئے بجٹ فراہمی سمیت 9 نکاتی ایجنڈے کی منظوری دیدی ہے، وزیراعظم عمران خان نے ہایئر ایجوکیشن کمیشن کو ہدایات دیں کہ وہ ہائی رینکنگ کی یونیورسٹیوں کے چیپٹرز پاکستان میں کھولنے کے لئے اقدامات کریں تاکہ پاکستان کے نوجوان بھی بین الاقوامی یونیورسٹیوں سے تعلیم حاصل کر سکیں۔

(جاری ہے)

منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں کابینہ کے رکن وزیر برائے انسداد منشیات علی محمد مہر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا گیا اور مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں تعلیمی پالیسی اور کامیاب نوجوان پروگرام پر اڑھائی گھنٹے سیر حاصل بحث کے بعد اس کی باقاعدہ منظوری دی گئی ہے۔ تعلیم اور تربیت کے ذریعے جہالت کے اندھیروں سے نکلا جا سکتا ہے، تعلیم ہی اچھے اور برے کا شعور دیتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر تعلیم نے کابینہ کو تعلیمی پالیسی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مجموعی آبادی کا 65 فیصد 18 سے 35 سال کے جوانوں پر مشتمل ہے، نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے لئے حکومت نے 100 ارب روپے کامیاب نوجوان پروگرام کے لئے مختص کئے ہیں، 25 فیصد کوٹہ خواتین کے لئے مختص کیا گیا ہے، نوجوانوں کو ایک تا پانچ لاکھ روپے قرض 6 فیصد شرح سود کے ساتھ فراہم کیا جائے گا جس کی ایکویٹی 10 فیصد رکھی گئی ہے جبکہ 5 تا 50 لاکھ روپے قرض پر شرح سود 8 فیصد جبکہ ایکویٹی 20 فیصد رکھی گئی ہے، اس ضمن میں اضافی شرح سود کا بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی، اس پروگرام سے معاشی انقلاب آئے گا، ہمارے نوجوان کاروبار میں مصروف ہو کر معیشت کے لئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ اور روپے کی قیمت میں کمی کے معاملے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے ڈالر کی قیمت میں اضافے کے حوالے سے تلخ حقائق، وراثت میں ملنے والی معیشت کے خدوخال کابینہ کے سامنے رکھے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ وفاقی کابینہ نے ای سی سی کے فیصلوں کی منظوری دی۔

وفاقی کابینہ نے ڈاکٹر اسد اور حامد مختار کو مانیٹری پالیسی کمیٹی میں ایکسٹرنل ممبر مقرر کرنے اور اسلام آباد کے لئے لوکل گورنمنٹ بورڈ کے قیام کی منظوری دی۔ لوکل گورنمنٹ بورڈ میں اسد عمر کے علاوہ چیف کمشنر اسلام آباد، ڈی سی اسلام آباد، ڈپٹی سیکرٹری وزارت داخلہ، ایم سی آئی ممبر شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنے اور انتشار پھیلانے کے معاملے پر بھی کابینہ کے اجلاس میں غور کیا گیا ہے۔

وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا کہ عوام کے جائز حقوق اور بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ اور اراکین پارلیمنٹ کو ہدایات دیں کہ وہ ہفتہ وار تعطیل کے دوران اپنے حلقوں میں اپنے عوام کے ساتھ وقت گزاریں، سستے بازاروں، منڈیوں اور عوامی خدمات کے مراکز کا دورہ کریں اور اس ضمن میں عوام کو درپیش مسائل کے فوری حل کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں اسلام آباد میں بچی سے زیادتی کے معاملے کا بھی نوٹس لیا گیا، وزیراعظم عمران خان نے پولیس اور دیگر متعلقہ حکام کو ہدایات دیں کہ وہ اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کو یقینی بنائیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں