شیری رحمن کی ننھی فرشتہ کے گھر آمد، واقعہ پر والدین کیساتھ اظہار افسوس

قصور واقعہ کے بعد بھی ایسے واقعات دیکھنے کو مل رہے ہیں، پولیس مجرموں کو تحفظ دے رہی ہے، کیا یہ نیا پاکستان ہی ، واقعات کی ذمہ داری لینا حکومت کی ذمہ داری ہے، غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کو برطرف کیا جائے، مطالبہ

بدھ 22 مئی 2019 21:40

شیری رحمن کی ننھی فرشتہ کے گھر آمد، واقعہ پر والدین کیساتھ اظہار افسوس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمن نے فرشتہ کے افسوسناک واقعے کا معاملہ سینیٹ میں بھرپور طریقے سے اٹھانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ وزیراعظم کے حلقے میں پیش آیا ہے، قصور واقعہ کے بعد بھی ایسے واقعات دیکھنے کو مل رہے ہیں، پولیس مجرموں کو تحفظ دے رہی ہے، کیا یہ نیا پاکستان ہی ،ریاست مدینہ میں ایسا کبھی نہیں ہو سکتا، واقعات کی ذمہ داری لینا حکومت کی ذمہ داری ہے، غفلت برتنے والے پولیس والوں کو جیلوں میں ہونا چاہئے تھا۔

بدھ کو پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمن معصوم بچی فرشتہ کے گھر پہنچیںاور افسوسناک واقعہ پر والدین کیساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا ۔ شیری رحمن نے کہا کہ فرشتہ کے افسوسناک واقعے سے دلی صدمہ پہنچا ہے،فرشتہ پوری قوم کی بیٹی ہے، یہ ہمارے گھر کی بچی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فرشتہ کے افسوسناک واقعے کا معاملہ بھرپور طریقے سے اٹھایا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ افسوسناک واقعہ وزیراعظم کے حلقے میں پیش آیا ہے،قصور واقعے کے بعد بھی اس طرح کے واقعات دیکھنے کو مل رہے ہیں، تھانوں میں فرشتہ کا خاندان دربدر پھرتا رہا لیکن مدد نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس والے پوچھ رہے ہیں کہ وہ بچی باہر کیوں گئی تھی، پولیس والوں سے پوچھا جائے کہ کیا ایسے سوالات کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فرشتہ کا افسوسناک واقعے کا معاملہ سینیٹ میں اٹھائیں گے، پولیس مجرموں کو تحفظ دے رہی ہے، ہم دکھ کی اس گھڑی میں فرشتہ کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کو برطرف کر کے جیلوں میں ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف زرداری نے بھی اس معاملے پر آواز اٹھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعات کی ذمہ داری لینا حکومت کی ذمہ داری ہے، غفلت برتنے والے پولیس والوں کو جیلوں میں ہونا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ کنٹینر پر کھڑے ہوکر بربریت پھیلانا آسان ہے،قانون پر عملدرآمد ہونا لازم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت ہمیشہ سر جھکا کر عدالتوں میں پیش ہوتی رہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں