وزیراعظم عمرا ن خان کی روسی صدر کے درمیان متوقع ملاقات کی تیاریا ں جاری

پاک روس سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کو دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں حتمی شکل دی جائیگی

بدھ 22 مئی 2019 22:46

وزیراعظم عمرا ن خان کی روسی صدر کے درمیان متوقع ملاقات کی تیاریا ں جاری
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2019ء) وزیراعظم عمران خان اور روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان متوقع ملاقات کی تیاریاں جاری ہیں،پاک روس سربراہ ملاقات جون میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس کے موقع پرمتوقع ہے ۔ شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کا سربراہ اجلاس 14 ،15 جون کو بشکیک میں منعقد ہوگا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک روس سربراہ اجلاس کے ایجنڈے کو دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان ہونے والی ملاقات میں حتمی شکل دی جائیگی۔

دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او)کے وزرائے خارجہ کا دو روزہ اجلاس بشکیک میں منعقد ہو رہا ہے ۔ کونسل آف فارن منسٹرز اجلاس کی سائیڈ لائن پر پاک روس وزرائے خارجہ کی ملاقات ہوگی یاد رہے اس سے قبل صدر مملکت ممنون حسین کی بھی اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پیوٹن سے گزشتہ برس ملاقات ہوئی تھی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے کہا تھا کہ روس اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

روسی صدر نے ان خیالات کا اظہار چنگ ڈا میں صدر مملکت ممنون حسین سے اپنی ملاقات میں کیا جو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے چین میں موجود تھے۔صدر مملکت آٹھ جون کو شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے چین کے شہر چنگ ڈا پہنچے تھے جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا تھا۔شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان، چین، روس، قازقستان، کرغزستان، تاجکستان اور بھارت شامل ہیں جبکہ ایران اور افغانستان شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں بطور مبصر شریک ہوئے تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں