وزیراعظم سے استعفیٰ لینے کے لیے دباؤ کون ڈال رہا ہے ؟

معروف صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے بتا دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 23 مئی 2019 10:49

وزیراعظم سے استعفیٰ لینے کے لیے دباؤ کون ڈال رہا ہے ؟
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 مئی 2019ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے معروف صحافی و تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود نے کہا کہ اپوزیشن یہی کہہ رہی ہے کہ ہم کسی صورت حکومت کو نہیں گرانا چاہتے اور ہم اس کو نہیں گرائیں گے۔ لیکن ایک اور بات یہ ہے کہ آصف علی زرداری کو نیب کا نوٹس آ گیا لیکن آصف علی زرداری نے کہاکہ میں نیب کے سامنے نہیں جاؤں گا۔

نیب نے ان کو اسلام آباد بلایا لیکن وہ کراچی چلے گئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کو بھی نیب نے طلب کیا لیکن انہوں نے کہا کہ میں بھی نیب کے سامنے نہیں جاؤں گا۔ عمران خان سے متعلق اپوزیشن رہنما ، چاہے وہ شہباز شریف ہوں، پیپلز پارٹی کے لوگ ہوں، مولانا فضل الرحمان ہوں یا پھر مریم نواز ہوں، چاہتے ہیں کہ عمران خان وزارت عظمیٰ سے مستعفی ہو جائیں۔

(جاری ہے)

اور پارلیمنٹ برقرار رہے۔ یعنی وہ چاہتے ہیں کہ موجودہ پارلیمنٹ اپنی جگہ پر برقرار رہے ، ان کا ماننا ہے کہ مڈ ٹرم الیکشن کروائے جائیں۔ لیکن مڈ ٹرم الیکشن اصل بات نہیں ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ اگر مڈ ٹرم الیکشن ہوں تو سندھ کے اندر تو پہلے ہی پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور پاکستان پیپلز پارٹی ہرگز یہ نہیں چاہتی کہ الیکشن ہوں ، کیونکہ پیپلز پارٹی تو موجودہ سیٹ اپ کے اندر بھی کافی مطمئن ہے اگر کوئی این آر او وغیرہ ہو جائے کیونکہ نیب کے کیسز ان کو تنگ کر رہے ہیں۔

اصل بات یہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیں، اور ان کی جگہ پاکستان تحریک انصاف میں سے یا کسی اتحادی جماعت میں سے کسی شخص کو وزارت عظمیٰ کا عہدہ سونپ دیا جائے۔ یہ بھی سوچا جا رہا ہے کہ کچھ مخصوص نشستوں پر دوبارہ الیکشن کروا کر کچھ مزید شخصیات کو پارلیمنٹ میں لایا جائے۔اسی لیے کچھ دنوں میں وزیراعظم عمران خان پر مستعفی ہونے کے لیے دباؤ ڈالا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں