سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نشریات و قومی ورثہ کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے پاکستان ٹیلی ویژن کے پنشنرز کو چالیس کروڑ روپے دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا

جمعرات 23 مئی 2019 23:34

سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نشریات و قومی ورثہ کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید نے پاکستان ٹیلی ویژن کے پنشنرز کو چالیس کروڑ روپے دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2019ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات نشریات و قومی ورثہ کے چیئرمین سینیٹر فیصل جاوید پاکستان ٹیلی ویژن کے پنشنرز کی آواز بن گئے اور انہیں چالیس کروڑ روپے دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ واضح رہے کہ بطور چیئرمین کمیٹی سینٹر فیصل جاوید نے مئی 2018 میں پی ٹی وی پنشنرز کا معاملہ اٹھایا تھا۔

تحریک انصاف کے مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے دی گئی تفصیلات کے مطابق جمعرات کو سنیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ 439 ملین پی ٹی وی کے پینشنرز کو ادائیگی کر دی گئی ہے۔ علاوہ ازیں بقایا 1.9بلین میں سے 600ملین کی سرمایہ کاری کی جائے گی اور بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری کے ساتھ ہی وہ بھی پنشنرز کو ادا کردیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

فیصل جاوید نے متعلقہ ذمہ داروں کو جلد از جلد باقی ماندہ ادائیگیاں کرنے کی ہدایت بھی جاری کیں۔ یاد رہے کہ اس عرصے کے دوران 4 وزراء تبدیل ہوئے جن میں مریم اورنگزیب، علی ظفر، فواد چوہدری کے بعد آجکل وزارتی امور فردوس عاشق اعوان کے پاس ہیں اور ان چاروں وزرا کے دور میں یہ معاملہ کمیٹی کے ایجنڈے کا حصہ رہا۔واجبات کی ادائیگی میں کلیدی کردار ادا کرنے پر ملازمین نے سینیٹر فیصل جاوید کو دعائیں دیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں