فرشتہ قتل کیس: غیر ذمہ دارانہ تبصرے پر 2 چیننلز کو پیمرا کا نوٹس

اجلاس میں اسلام آباد کی رہائشی 10 سالہ فرشتہ کے قتل کی کوریج بھی زیر بحث آئی

جمعہ 24 مئی 2019 20:01

فرشتہ قتل کیس: غیر ذمہ دارانہ تبصرے پر 2 چیننلز کو پیمرا کا نوٹس
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2019ء) پاکستان الیکٹرنک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے فرشتہ نامی لڑکی کے قتل کے معاملے پر غیر ذمہ دارانہ تبصرہ کرنے پر 2 ٹیلی ویڑن چیننلز کو اظہارِ وجوہ کے نوٹسز جاری کردیے۔سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے اجلاس میں چیئرمین پیمرا سلیم بیگ نے بتایا کہ اظہارِ وجوہ کے نوٹسز اسلیے بھیجے گئے کیوں کہ چیننلز نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیمرا کسی چیننل کی ادارتی پالیسی میں مداخلت نہیں کرتا تاہم چیننلز کو ضابطہ اخلاق کی پیروی کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔سینیٹر فیصل جاوید کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں اسلام آباد کی رہائشی 10 سالہ فرشتہ کے قتل کی کوریج بھی زیر بحث آئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خوش بخت شجاعت کا کہنا تھا کہ ٹیلی ویڑن چیننلز کو سماجی مسائل پر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے۔

جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ کسی جرم کو قومیت سے منسلک نہیں کیا جاسکتا اس کے ساتھ انہوں نے نام لیے بغیر معاملیکو سیاسی رنگ دینے پر پشتون تحفظ مومنٹ پر بھی تنقید کی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ’نادرا کے ریکارڈ میں میری ذات افغان ہے لیکن میں پاکستانی ہوں اور اس قسم کے معاملات پر سیاست کرنا درست نہیں‘۔

علاوہ ازیں اجلاس میں ریڈیو پاکستان، پاکستان ٹیلی ویڑن (پی ٹی وی) اور لوک ورثہ کے ملازمین کو پیش آنے والی مشکلات کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔اس موقع پر وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کے مابین گرما گرمی بھی دیکھنے میں آئی۔سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ اس وقت نہ تو اطلاعات کا کوئی فعال وزیر ہے نہ ہی وزیر مملکت۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’وزارت کا منصب گھٹا کر معاونِ خصوصی کی سطح تک لے آئے ہیں جبکہ ملک میں ایک ایسا ادارہ بھی ہے جہاں ترجمان کرنل اور میجر جنرل کے عہدے سے آتا ہے‘۔جس پر ڈاکٹر فردوس عاشق نے ترکی بہ ترکی جواب دیتے ہوئے کہ ’مجھے وزیر کے اختیارات حاصل ہیں اور بحیثیت ایک ڈاکٹر مجھے معلوم ہے کہ بیماروں کا علاج کس طرح کرنا ہے‘۔ڈاکٹر فردوس کا کہنا تھا کہ ’ہم نے پچھلی حکومت کے چھوڑے ہوئے میڈیا کے تمام واجبات کی ادائیگی طے پاگئی ہے‘۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ اشتہارات کی مد میں گزشتہ دورِ حکومت میں پنجاب پر 57 کروڑ روپے، خیبرپختونخوا پر 10 کروڑ جبکہ وفاقی حکومت پر ایک ارب 10 کروڑ کے واجبات تھے۔اس کے ساتھ کمیٹی کو بتایا گیا کہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے واجبات جلد ادا کردیے جائیں گی

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں