چینی نائب صدر وانگ کشان 26سے 28 مئی تک پاکستان کا دورہ کریں گے

جمعہ 24 مئی 2019 20:41

چینی نائب صدر وانگ کشان 26سے 28 مئی تک پاکستان کا دورہ کریں گے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2019ء) عوامی جمہوریہ چین کے نائب صدر وانگ کشان چھبیس سے اٹھائیس مئی 2019ئ تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔ نائب صدر وانگ کشان چین کی تیرھویں نیشنل پیپلز کانگریس اور چین کی کمیونسٹ پارٹی (سی پی سی) کے امور خارجہ کے لئے کلیدی ادارے مرکزی خارجہ امور کمشن کے رکن ہیں۔نائب صدر کے دورہ سے پاکستان اور چین کے درمیان استوار آزمودہ اور سدابہار تعاون وشراکت داری کا اعادہ ہوتا ہے۔

نائب صدر چین کی آمد دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطحی دوروں اور روابط کے تسلسل کی غمازی ہے جن میں وزیراعظم کے نومبر 2018ء کے دورہ اور اپریل 2019کو بیجنگ میں دوسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شرکت کے بعد سے ایک نئی تیزی آئی ہے۔ دورہ کے دوران نائب صدر چین وانگ کشان صدرعارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے الگ الگ ملاقات کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان اور چین وسیع البنیاد شعبہ جات میں دوطرفہ تعاون بڑھانے اور منصوبہ جات کے افتتاح کے لئے مفاہمتی یاداشتوں/ معاہدات پر دستخط کریں گے۔

نائب صدر چین کا دورہ آزمودہ، سدابہار اور وقت کی ہرآزمائش پر پورا اترنے والی پاک چین دوستی کے جذبے کے توانا ہونے کو اجاگر کرتا ہے جس سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور مختلف شعبہ جات میں دونوں ممالک کے درمیان کثیر الجہتی تعاون کے فروغ میں مزید اضافہ ہوگا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں