لوڈ شیڈنگ میں کمی کا کریڈٹ لینے کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں ٹھن گئی

وزیراعظم عمران خان نے عمر ایوب کی تعریف کی تو مریم نواز نے آڑے ہاتھوں لے لیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 25 مئی 2019 12:37

لوڈ شیڈنگ میں کمی کا کریڈٹ لینے کے لیے حکومت اور اپوزیشن میں ٹھن گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 مئی 2019ء) : لوڈ شیڈنگ میں کمی کا کریڈٹ لینے کے لیے وفاقی حکومت اور اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن میں ٹھن گئی اور ایک نئی لفظی جنگ کا آغاز ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے وزیر توانائی عمر ایوب کی تعریف کی تو مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز سے رہا نہ گیا اور انہوں نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ نالائقِ اعظم سے خود تو سوائے تباہی اور بربادی کے کچھ ہوا نہیں، کمال ڈھٹائی سے نواز شریف کے کام اور کامیابیاں بھی اپنے کھاتے ڈالنا چاہتے ہیں۔
مریم نواز کے اس ٹویٹ پر وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی افتخار درانی نے رد عمل دیا کہ نواز شریف کی کامیابیاں چورہ شدہ اربوں روپے کے علاوہ کچھ نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی کامیابیاں ایک قطری خط، ایک جعلی ٹرسٹ ڈیڈ ،چند پارک لین کے اپارٹمنٹس اور چوری شدہ اربوں روپے کے علاوہ کچھ نہیں اور پاکستان کی سب سے بڑی عدالت نے اس کو سربہ مہر کیا ہے ۔
افتخار درانی کا کہنا تھا کہ تیس ہزار کروڑ سے زائد کا قرضہ ، ساڑھے بارہ سو ارب سے زائد کا گردشی قرضہ ، ساڑھے چار سو ارب سے زائد پبلک سیکٹر انٹرپرائز کا خسارہ اور اس کے علاوہ خسارے میں ڈوبا ہوا ملک نواز شریف کی چند کامیابیوں میں سے ایک ہے ۔

جبکہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بھی پیچھے نہ رہے اور موجودہ حکومت کو ہدف تنقید بنا ڈالا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کپتان کتنا ہی ہوشیار کیوں نہ ہو حقائق کو مسخ نہیں کیا جا سکتا۔ عوام جانتے ہیں کہ پاکستان تحریک انصاف بلند و بانگ دعووں کے باوجود خیبرپختونخواہ میں پاور پلانٹس لگانے میں ناکام رہی۔
جس کے جواب میں وزیراعظم عمران خان کے مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دہائیوں سے پنجاب کی عوام پر مسلط استحصالی نظام اور شخصیت پرستی کا خاتمہ عمران خان کی جدوجہد سے ممکن ہوا۔

شہباز شریف کی کارکردگی ٹی وی ہیڈ لائنز اور اخبارات کے اشتہارات تک محدود تھی۔گروتھ اسٹریٹجی 2023ء سے ترقی کے ثمرات صوبے کےہر شہری تک پہنچیں گے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے بجلی بلزکی وصولیوں میں 81ارب اضافے پر وزیرتوانائی عمر ایوب اور ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہیں، انہوں نے کہا کہ شاباش اچھا کام جاری رکھیں، یہ ہے نیا پاکستان، بجلی بلز وصولی کی مد میں آئندہ سال 120ارب روپے اضافہ ہوجائے گا۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بجلی بل کی وصولی میں 8ماہ میں 81ارب کا اضافہ ہوا۔جس پر عمر ایوب اور ٹیم کو مبارکباددیتا ہوں۔ انہو ں نے کہا کہ شاباش اچھا کام جاری رکھیں،یہ ہے نیا پاکستان۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں