چینی نائب صدر کے بعد اب ازبک نائب وزیراعظم کا پاکستان کے دورے کا اعلان

ازبکستان کے نائب وزیراعظم الیور گنیف 2روزہ دورے پر سوموار کو پاکستان پہنچیں گے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ اتوار 26 مئی 2019 16:55

چینی نائب صدر کے بعد اب ازبک نائب وزیراعظم کا پاکستان کے دورے کا اعلان
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مئی2019) ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا ہے کہ ازبک نائب وزیر اعظم الیور گنیف کل پاکستان کے 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے۔ ذرائع کے مطابق ازبک نائب وزیر اعظم کل 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ازبک نائب وزیر اعظم الیور گنیف وفاقی وزرا اور مشیروں سے ملاقات کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس دورے پر اعلیٰ سطح وفد بھی ازبک نائب وزیر اعظم کے ہم راہ ہوگا اور دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ازبک نائب وزیر اعظم کے ہم راہ آنے والا وفد بیرون ملک تجارت،سرمایہ کاری اور ٹرانسپورٹ کے ڈپٹی وزرا اور دیگر سینئر اہل کاروں پر مشتمل ہوگا۔

(جاری ہے)

ازبکستان کے ڈپٹی وزیر اعظم الیور گینف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے اور محکمہ ریلویز، ترقی و اصلاحات، منصوبہ بندی، نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ، صحت اور تجارت کے وفاقی وزرا اور مشیروں سے ملیں گے۔

امید کی جاری ہے کہ ازبکستان کے ڈپٹی وزیراعظم کے دورے سے پاکستان اور ازبکستان کے مابین کثیر الجہتی تعاون کو مختلف شعبہ جات میں فروغ ملے گا۔ اس دورے سے ازبکستان کے ساتھ پاکستان کے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے اقتصادی تعاون کا راستہ مزید ہم وار ہوگا۔ اس سے پہلے اتوار کے روز چینی نائب صدر وانگ کشان 3روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچے ہیں جہاں وہ وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی سے ملاقات کریں گے۔ چینی نائب صدر پاکستان میں کئی منصوبوں کا افتتاح کریں گے اور کعاہدوں اور کئی یاد داشتوں پر بھی دستخت کریں گے۔ 

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں