فواد چوہدری اور پی ایم آفس آمنے سامنے

لگتا ہے چئیرمین پی ٹی وی کی تقرری بہت جلدی میں کی گئی، فواد چوہدری نے چئیرمین پی ٹی وی کی تقرری کے خلاف سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو خط لکھ دیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 17 جون 2019 13:35

فواد چوہدری اور پی ایم آفس آمنے سامنے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جون 2019ء) : وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے چئیرمین پی ٹی وی کی تقرری کے خلاف سیکرٹری کابینہ ڈویژن کو خط لکھ دیا۔خط میں فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ تقرر میں قانون کی خلاف ورزی نظر آتی ہے۔ ارشد خان کی تقرری سپریم کورٹ کے قاسمی کیس کے بھی خلاف ورزی ہے،لگتا ہے چئیرمین پی ٹی وی کی تقرری بہت جلدی میں کی گئی۔

تقرری میں قانونی تقاضوں کا خیال نہیں رکھا گیا۔مجوزہ تقرری قانون کی خلاف ورزی نظر آتی ہے۔لگتا ہے وزیراعظم کے اختیار کو ایک غیرقانونی تقرری کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔اس سے قبل ارشد خان کو پی ٹی وی بورڈ کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔ارشد خان کو 17 لاکھ سے زائد پیکج پر پی ٹی وی کی ذمہ داری دی گئی۔ہائیکورٹ نے ارشد خان کی تقرری کے خلاف درخواستیں منظور کر لی تھیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی وی بورڈ کی تشکیل نو کا معاملہ وفاقی حکومت کو بھجوایا جائے۔خیال رہے حکومت پاکستان نے ارشد خان کو پی ٹی وی بورڈ کا چیئرمین تعینات کیا تھا۔ ارشد خان پی ٹی وی کے دو مرتبہ ایم ڈی رہ چکے ہیں۔رواں سال کے اپریل میں جاری ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایم ڈی پی ٹی وی کو ہٹانے سے متعلق وزیراعظم عمران خان کے معان خصوصی نعیم الحق اور سابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری کے درمیان اختلافات بھی رہے، نعیم الحق ایم ڈی کے حق میں جبکہ فواد چوہدری خلاف تھے۔

جس پر دونوں میں کئی بار لفظی گولہ باری بھی ہوئی ، لیکن سابق وفاقی وزیراطلاعات کی ہدایت پر ایم ڈی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا ۔ گزشتہ دنوں سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا کہ پی ٹی وی انتظامیہ گزشتہ 47دنوں سے ساکت ہے، پی ٹی وی یونین کے دھرنے کے باعث ایم ڈی پی ٹی وی اپنے دفتر نہیں جا پا رہے ، اس ساری صورتحال سے وزیراعظم آفس کو آگاہ کر دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایم ڈی پی ٹی وی کی تقرری کے لئے اشتہار جاری کیا گیا جس پر 42امیداروں نے درخواستیں دیں ہیں،نئے ایم ڈی کی تقرری کے امور پر غور جاری ہے۔ سپریم کورٹ کے عطاء الحق قاسمی کیس میں فیصلے کے برعکس قائم مقام ایم ڈی پی ٹی وی کا چارج دیا گیا۔ انہوں نے کہا ہر آنے والے دن پی ٹی وی کے خسارے میں اضافہ اورایم ڈی پی ٹی وی کی جانب سے یونین پر مجوزہ پابندی اور ایک سویئپر کو برطرف کرنے سے ادارے میں غیر یقینی کی صورتحال پیدا ہورہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی کی موجودہ انتظامیہ ادارے کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے بزنس پلان دینے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے اور سینٹ و قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے ایم ڈی پی ٹی وی کو ہدایات دیں کہ وہ پی ٹی وی یونین کے ساتھ بیٹھے اور معاملے کو حل کریں لیکن تا حال ایم ڈی پی ٹی وی نے ہدایات پر عمل نہیں کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں