سعودی عرب سے لایا جانے والا آب زم زم اسٹور کرنے کے لیے ہدایت جاری

پیر 17 جون 2019 14:57

سعودی عرب سے لایا جانے والا آب زم زم اسٹور کرنے کے لیے ہدایت جاری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2019ء) وزارت مذہبی امور وحج نے ملک کے پانچ بڑے ایئر پورٹس پر رواں سال حجاج کرام کیلئے سعودی عرب سے پاکستان لایا جانے والا آب زم زم اسٹور کرنے کیلئے ہدایت جاری کر دیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق وزارتِ مذہبی امور کی جانب سے حج آپریشن سے متعلق ایک اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں عازمین حج کی روانگی کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ بعد از حج آپریشن میں حجاج کرام کی سعودی عرب سے وطن واپسی پر آب زم زم کے لیے تمام ایئرپورٹس پر معمول سے زیادہ جگہ رکھنے کے حوالے سے انتظامات کئے جائیں تمام ایئرپورٹس منیجر اپنے ایئرپورٹس پر اس سلسلے میں خصوصی انتظامات کریں۔دوسری جانب پی آئی اے کو بھی سعودی عرب سے وطن واپسی پر آب زم زم لانے اور مسافروں کو وطن پہنچنے پر آب زم زم کے حصول کیلئے کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے اس کیلئے بھی انتظامات کئے جائیں۔وزارت مذہبی امور و حج کی جانب سے جاری کردہ ہدایت میں کراچی،اسلام آباد، سکھر،رحیم یار خان ،فیصل آباداور کوئٹہ ائر پورٹس شامل ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں