اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار

وزارت قانون سے تاحال رائے نہیں ملی ، رائے ملنے پر ہی اس حوالے سے فیصلہ کروں گا۔ اسد قیصر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 17 جون 2019 14:40

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جون 2019ء) : اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نیب کی زیر حراست سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ سمیت دیگر نےاسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی اور آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق دریافت کیا جس پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار کر دیا۔

اسپیکر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ فی الوقت وزارت قانون کی جانب سے مجھے کوئی جواب نہیں آیا۔ میں نے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے متعلق وزارت قانون سے رائے طلب کر رکھی ہے۔ وزارت قانون کی جانب سے رائے موصول ہونے کے بعد ہی آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے یا نہ کرنے سے متعلق فیصلہ ہو گا۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری اس وقت نیب کی حراست میں اور 21 جون تک جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔

12 جون کو سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی جس میں سابق صدر آصف علی زرداری، محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں اراکین کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنا میرے بس میں نہیں ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد کو یقین دہانی کروائی کہ آصف علی زرداری کے پروڈکشن آرڈر اگلے ہفتے جاری کر دئے جائیں گے۔ جس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے متعلق وزارت قانون سے رائے طلب کی تھی۔ وزارت قانون کی جانب سے کوئی جواب نہ ملنے پر تاحال آصف زرداری کے پروڈکشن آرڈر سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں