وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ٹیلیفونک رابطہ

دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاک امریکہ باہمی تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں، منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت اور اسٹیٹ بینک کی زیر نگرانی بینکنگ اور نان بینکنگ مالیاتی اداروں، انشورنس کمپنیوں اور اسٹاک ایکسچینج کے داخلی کنٹرول کو بہتر بنایا گیا ہے، پر امن افغانستان پورے خطے کے امن و استحکام اور تعمیر و ترقی کیلئے ضروری ہے، پاکستان اور افغانستان کے مابین ہم آہنگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی گفتگو

پیر 17 جون 2019 23:51

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ٹیلیفونک رابطہ کیا۔ دوران گفتگو دو طرفہ تعلقات، خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت پاکستان کی طرف سے کئے گئے اہم اقدامات سے امریکی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ کیلئے پاک امریکہ باہمی تعلقات نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ دونوں اطراف سے فنانشیل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کی طرف سے مجوزہ اقدامات پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت اور اسٹیٹ بینک کی زیر نگرانی بینکنگ اور نان بینکنگ مالیاتی اداروں، انشورنس کمپنیوں اور اسٹاک ایکسچینج کے داخلی کنٹرول کو بہتر بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر افغان امن عمل میں پاکستان کی طرف سے جاری سہولت کاری پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے افغان امن عمل پر تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پر امن افغانستان پورے خطے کے امن و استحکام اور تعمیر و ترقی کیلئے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین ہم آہنگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان اور افغان صدر اشرف غنی کے مابین ہونیوالی ملاقات، حال ہی میں امن اور یکجہتی کیلئے افغانستان پاکستان ایکشن پلان (APPAPS) کے تحت اسلام آباد میں منعقد ہونے والے جائزہ اجلاس اور افغان صدر اشرف غنی کے جلد متوقع دورہ پاکستان سے واضح ہو رہا ہے کہ دونوں ممالک کے مابین کثیر الجہتی روابط فروغ پا رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں